|

موبائل صارفین پر نیا بوجھ، کال اور ڈیٹا پیکجز مہنگے کر دیے گئے

اسلام آباد: پاکستان میں موبائل فون استعمال کرنے والے صارفین کے لیے کال اور ڈیٹا سروسز مزید مہنگی ہو گئی ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی منظوری کے بعد مختلف موبائل کمپنیوں نے اپنے متعدد پیکجز کی قیمتوں میں اضافہ کر دیا ہے، جس کا اطلاق نئی ٹیرف شیٹس کے مطابق کیا گیا ہے۔

دستیاب تفصیلات کے مطابق موبائل پیکجز کی قیمتوں میں سالانہ بنیادوں پر 19 سے 33 فیصد تک اضافہ کیا گیا ہے۔ اس فیصلے کے نتیجے میں ماہانہ کال اور ڈیٹا پیکجز کی قیمتوں میں 500 روپے تک اضافہ سامنے آیا ہے، جس سے لاکھوں صارفین کے ماہانہ اخراجات بڑھ جائیں گے۔

اسی طرح 15 روزہ کال اور ڈیٹا پیکجز بھی مہنگے کر دیے گئے ہیں، جن کی قیمتوں میں 300 روپے تک اضافہ کیا گیا ہے۔ ہفتہ وار ہائبرڈ پیکجز کی قیمتیں بھی بڑھائی گئی ہیں، جہاں صارفین کو اب پہلے کے مقابلے میں 130 روپے تک زیادہ ادائیگی کرنا ہوگی۔

کم مدت کے پیکجز بھی اس اضافے سے محفوظ نہیں رہے۔ کمپنیوں نے 3 روزہ پیکجز کی قیمتوں میں 21 روپے تک، 2 روزہ پیکجز میں 20 روپے تک جبکہ ایک روزہ ہائبرڈ پیکجز میں 5 روپے تک اضافہ کیا ہے، جس سے مختصر مدت کے صارفین بھی متاثر ہوں گے۔

پی ٹی اے کی ویب سائٹ پر 15 مختلف ہائبرڈ اور ڈیٹا اونلی پیکجز کی نئی ٹیرف شیٹس جاری کر دی گئی ہیں۔ ان شیٹس میں ہر پیکج کی نئی قیمت، مدت، سہ ماہی نرخ اور صارفین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی تفصیلات درج ہیں، تاکہ صارفین اپنی ضرورت کے مطابق پیکجز کا انتخاب کر سکیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *