مریم نواز کا ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ عالمی اعزاز کی دوڑ میں شامل ہونے کا دعویٰ
لاہور: وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ نے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ’اپنی چھت اپنا گھر‘ جیسے کامیاب منصوبے پر ایوارڈ کے لیے نامزد کیا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ اقوام متحدہ کی جانب سے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کو ایوارڈ کے لیے نامزد کیا جانا پنجاب حکومت کے لیے اعزاز کی بات ہے، ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبہ دنیا کے پانچ بڑے منصوبوں میں شامل ہے اور اسے پنجاب حکومت نے اپنے وسائل سے شروع کیا ہے۔
وزیر اطلاعات پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں اس سے قبل کسی حکومت کو اس نوعیت کا اتنا بڑا عالمی ایوارڈ نہیں ملا، وزیراعلیٰ مریم نواز کا ہدف پانچ سال کے دوران 5 لاکھ افراد کو اپنی چھت فراہم کرنا ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ ’ستھرا پنجاب‘ کے بعد ’اپنی چھت اپنا گھر‘ منصوبے کو عالمی سطح پر پذیرائی ملنا پنجاب حکومت کی گڈ گورننس کا اعتراف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ مریم نواز اپنے مختلف منصوبوں اور اقدامات کے ذریعے پنجاب اور پاکستان کا نام عالمی سطح پر اجاگر کر رہی ہیں جبکہ وزیراعلیٰ کی دو سالہ کارکردگی ان کی کامیابیوں کی عکاس ہے، حکومت پنجاب عوام کو بنیادی سہولیات کی فراہمی اور فلاحی منصوبوں کے ذریعے ان کے معیارِ زندگی کو بہتر بنانے کے لیے اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔