اوور 60 کرکٹ ورلڈکپ: پاکستانی ٹیم ٹائٹل جیتنے کے عزم کے ساتھ کینیڈا پہنچ گئی
کراچی: 60 سال سے زائد عمر کے کھلاڑیوں پر مشتمل پاکستان کی تجربہ کار کرکٹ ٹیم اوور 60 کرکٹ ورلڈ کپ 2026 میں حصہ لینے کے لیے کینیڈا پہنچ گئی۔
یہ اہم میگا ایونٹ 9 سے 23 اگست تک کینیڈا کے شہر مسی ساگا میں منعقد کیا جائے گا۔
اس عالمی ٹورنامنٹ میں پاکستان سمیت دنیا بھر سے 14 ٹیمیں مدمقابل ہوں گی، جن میں آسٹریلیا، بھارت، جنوبی افریقا، انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور دیگر ممالک شامل ہیں۔ پاکستان ٹیم کی روانگی سے قبل کراچی جیم خانہ میں ایک خصوصی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ٹیم کو الوداع کہا گیا۔
تقریب کے مہمان خصوصی اور وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کی اس سطح پر شرکت پوری قوم کے لیے اعزاز کا باعث ہے۔ انہوں نے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی کہ ٹیم فاتح بن کر لوٹے۔
پاکستان ویٹرنز کرکٹ ایسوسی ایشن کے چیئرمین فواد اعجاز خان نے کہا کہ ٹیم ورلڈ کپ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لیے ایڑی چوٹی کا زور لگائے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ 2026 کا اسکواڈ تجربہ کار کھلاڑیوں پر مشتمل ہے جن میں ٹائٹل جیتنے والی ٹیم کے 5 اہم ارکان دوبارہ شامل کیے گئے ہیں۔
ٹیم کی قیادت فواد اعجاز خان کریں گے جبکہ سید مظہر حسین نائب کپتان کے فرائض سرانجام دیں گے۔ اسکواڈ میں پاکستان کے سابق بین الاقوامی کھلاڑی ساجد علی کی شمولیت سے ٹیم کا پلڑا بھاری ہو گیا ہے۔ ٹیم میں تجربہ کار کھلاڑیوں کی موجودگی سے قومی امیدیں وابستہ ہیں۔
پاکستان اپنا پہلا میچ 9 اگست کو ویلز کے خلاف کھیلے گا، جس کے بعد آئی ایم سی ایمرجنگ الیون اور سری لنکا سے مقابلہ ہوگا۔
ٹورنامنٹ کے دوران پاکستانی ٹیم کینیڈا، جنوبی افریقا اور آسٹریلیا کے مدمقابل بھی ہوگی۔ ایونٹ کے سیمی فائنل 21 اگست جبکہ فیصلہ کن فائنل 23 اگست 2026 کو کھیلا جائے گا۔