گوجر خان میں پسند کی شادی کرنے والی 17 سالہ لڑکی بھائی کی فائرنگ سے قتل
گوجر خان میں پسند کی شادی کرنے والی 17 سالہ لڑکی کو مبینہ طور پر اس کے بھائی نے فائرنگ کرکے قتل کردیا۔ واقعے کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا گیا ہے، جبکہ پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ قتل کا واقعہ گوجر خان میں سکھو روڈ کے قریب پیش آیا۔ مقتولہ کے والد نے مقدمے میں اپنے بیٹے کو نامزد کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ اس نے فائرنگ کرکے اپنی بہن کو قتل کیا۔
رپورٹ کے مطابق مقتولہ کے والد نے بتایا کہ ان کی بیٹی نے رواں سال جنوری میں اپنی رخصتی کے روز گھر سے فرار ہوکر اپنی پسند سے شادی کی تھی، جس کے بعد وہ اپنے شوہر کے ہمراہ کراچی منتقل ہوگئی تھی اور وہاں رہائش پذیر تھی۔
والد نے پولیس کو بتایا کہ واقعے سے تقریباً 4 روز قبل ان کا بیٹا مبینہ طور پر صلح صفائی کے بعد اپنی بہن کو کراچی سے واپس گوجر خان لے آیا تھا۔ ان کے مطابق بیٹی کو واپس لانے کے بعد وہ اپنے بھائی کے ساتھ ہی موجود تھی۔
مقتولہ کے والد کا کہنا ہے کہ ان کے بیٹے نے اپنی بہن اور اس کے شوہر کے لیے کرائے پر گھر بھی لے کر دیا تھا۔ تاہم گزشتہ روز جب وہ اپنی بیٹی کو دیکھنے کے لیے وہاں پہنچے تو گھر کے اندر شور شرابہ ہورہا تھا۔
والد کے بیان کے مطابق جیسے ہی ان کا بیٹا انہیں دیکھ کر باہر آیا، اس نے مبینہ طور پر پستول نکال لیا اور اپنی بہن کو نشانہ بناتے ہوئے فائرنگ کردی۔ فائرنگ کے نتیجے میں 17 سالہ لڑکی شدید زخمی ہوئی اور جانبر نہ ہوسکی۔
واقعے کے بعد پولیس نے مقدمہ درج کرکے شواہد اکٹھے کرنا شروع کردیے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لیا جارہا ہے اور مقدمے میں عائد کیے گئے الزامات کی روشنی میں مزید تفتیش جاری ہے۔