پاکستان اور کویت کا دو طرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف سے کویت کے وزیر خارجہ جراح جابر الاحمد الصباح نے ملاقات کی جس دوران وزیراعظم نے امیرکویت شیخ مشعل الاحمد الجابر الصباح اور ولی عہد شیخ صباح الخالد الحمد کیلئےنیک تمناؤں کا اظہا کیا ۔
ملاقات کے دوران علاقائی صورتحال اور جاری تنازع پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا جبکہ وزیراعظم نے کویت کی قیادت اورعوام کے ساتھ پاکستان کی مکمل یکجہتی کا اعادہ کیا ۔
شہبازشریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور کویت کے درمیان مشترکہ اقدار اور باہمی اعتماد پر مبنی دیرینہ برادرانہ تعلقات ہیں، دونوں برادر ممالک نے ہرمشکل اور ہر خوشی کے موقع پر ہمیشہ ایک دوسرے کا ساتھ دیا ۔
وزیراعظم نے کویت اور دیگر برادر خلیجی ممالک پر ہونے والے حملوں کی شدید مذمت کی اور کہا کہ پاکستان خطےمیں قیام امن کیلئےدیانت دار ومخلص ثالث اور سہولت کار کا کردار ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے پاکستانی امن کوششوں کی حمایت پر کویتی قیادت سے اظہار تشکر کیا ۔
ملاقات میں افرادی قوت کی ترقی کے حوالے سے کویت کے ساتھ تعاون کو مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کیا گیا ۔
شیخ جراح جابر الاحمد الصباح نے کویت کی سماجی و معاشی ترقی میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا ۔ مہمان وزیر خارجہ نے وزیراعظم کو کویتی قیادت کی جانب سےنیک خواہشات کا پیغام پہنچایا۔
کویتی وزیر خارجہ نے باہمی مفاد کے تمام شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مستحکم کےعزم کا اعادہ کیا اور خطے میں امن کی بحالی کیلئے مذاکرات اور سفارتکاری کے فروغ میں پاکستان کے کردار کو سراہا ۔