پاکستان میں امریکی ڈرون ٹیکنالوجی کی آمد، پاک فوج سے پاورس کا ایم او یو
اسلام آباد: امریکی ڈرون ساز کمپنی پاورس (Powerus) نے پاکستان آرمی کے ساتھ مفاہمت کی ایک یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس میں بغیر پائلٹ فضائی نظام سے متعلق ابتدائی آرڈر بھی شامل ہے۔
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلکووچ نے رائٹرز کو معاہدے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ ابتدائی آرڈر بغیر پائلٹ فضائی نظام (Unmanned Aerial Systems) سے متعلق ہے، سکیورٹی اور رازداری کی وجوہات کے باعث انہوں نے آرڈر کی نوعیت، تعداد یا مالیت کی تفصیلات بتانے سے گریز کیا۔پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی اور ٹیکنالوجی تعاون میں اضافے کی کوششیں جاری ہیں۔
پاکستان فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق پاورس کے شریک بانی بریٹ ویلکووچ کی قیادت میں ایک وفد نے 16 ستمبر کو جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ ملاقات میں دفاعی خریداری، دفاعی پیداوار اور طویل المدتی صلاحیتوں میں اضافے سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ تاہم آئی ایس پی آر کی جانب سے جاری بیان میں ایم او یو یا ابتدائی آرڈر کا ذکر نہیں کیا گیا۔
پاورس کے حکام نے پاکستان میں ٹیکنالوجی کی تیاری اور مقامی سطح پر تعاون کے امکانات کا بھی عندیہ دیا ہے۔
کمپنی کے شریک بانی بریٹ ویلکووچ کا کہنا ہے کہ مقصد امریکی اور پاکستانی ٹیکنالوجی کو یکجا کرکے مشترکہ ٹیکنالوجی شراکت داری قائم کرنا ہوگا، پاورس پاکستان میں ممکنہ طور پر ٹیکنالوجی تیار کرنے کے طریقوں کا جائزہ بھی لے رہی ہے۔
پاورس کے چیف ایگزیکٹو اور بانی اینڈریو فاکس کے مطابق پاکستان کا نجی دفاعی شعبہ اب بھی ترقی کے مرحلے میں ہے، جس سے امریکی کمپنیوں کے لیے شراکت داری اور ٹیکنالوجی کے شعبے میں آگے بڑھنے کے مواقع پیدا ہوتے ہیں۔
پاورس جلد ہی امریکی اسٹاک مارکیٹ میں لسٹڈ کمپنی اوریئس گرین وے ہولڈنگز کے ساتھ انضمام کرنے والی ہے۔ دونوں کمپنیوں کے مطابق یہ انضمام اکتوبر 2026 کے اوائل میں مکمل ہونے کی توقع ہے، اگر باقی شرائط پوری ہوگئیں۔ امریکی سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج کمیشن کی دستاویزات میں بھی مجوزہ انضمام اور اس کی متوقع ٹائم لائن درج ہے۔
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بیٹے ڈونلڈ ٹرمپ جونیئر اور ایرک ٹرمپ، امریکن وینچرز کے ذریعے اوریئس گرین وے میں سرمایہ کاری رکھتے ہیں۔ ریگولیٹری دستاویزات کے مطابق انضمام کے بعد امریکن وینچرز کی مشترکہ کمپنی میں تقریباً 9.9 فیصد مفید ملکیتی حصے کی توقع ہے۔
پاورس کے چیف ایگزیکٹو اینڈریو فاکس نے ان قیاس آرائیوں کو مسترد کیا ہے کہ کمپنی کے کاروباری معاہدوں یا ترقی میں ٹرمپ خاندان کی شمولیت کا کوئی کردار ہے،کمپنی کے معاہدے میرٹ کی بنیاد پر کیے جاتے ہیں اور ٹرمپ خاندان کا کمپنی کے کاروباری معاملات میں کوئی کردار نہیں۔
ٹرمپ جونیئر کے ترجمان نے بھی انہیں پاورس کے معاملات میں غیر فعال سرمایہ کار قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کمپنی کے انتظام، آپریشنز یا معاہدوں کی خریداری میں شامل نہیں ہیں۔پاورس فوجی اور صنعتی استعمال کے لیے فضائی اور بحری ڈرونز تیار کرتی ہے۔ کمپنی اور اوریئس گرین وے کے مجوزہ انضمام کے بعد نئی مشترکہ کمپنی پاورس کارپوریشن کے نام سے کام کرنے کی توقع ہے۔
پاکستان آرمی اور پاورس کے درمیان حالیہ معاہدہ دونوں ممالک کے درمیان دفاعی تعاون کے دائرہ کار میں ڈرون اور بغیر پائلٹ نظاموں کے شعبے میں ایک نئی پیش رفت کے طور پر سامنے آیا ہے، ابتدائی آرڈر کی مالیت اور مخصوص ڈرون سسٹمز کی تفصیلات تاحال ظاہر نہیں کی گئیں۔