100
|

پاکستانی طلبہ کیلئے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں اسکالرشپس کا شاندار موقع

اسلام آباد: امریکا پی ایچ ڈی اسکالرشپس 2027 کے خواہشمند پاکستانی طلبہ کے لیے خوشخبری ہے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن (HEC) نے یو ایس۔پاکستان نالج کوریڈور پروگرام کے تحت 2027 کے داخلوں کے لیے امریکا کی ٹاپ 100 جامعات میں پی ایچ ڈی اسکالرشپس کا اعلان کر دیا ہے۔

ایچ ای سی کے مطابق یہ اسکالرشپس پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے شہریوں کے لیے مختص ہیں۔ درخواست گزار کے پاس کم از کم 16 سالہ تعلیم (چار سالہ بیچلر یا مساوی ڈگری) ہونا ضروری ہے، جبکہ پورے تعلیمی کیریئر میں سیکنڈ یا تھرڈ ڈویژن نہیں ہونی چاہیے۔ امیدوار کسی دوسری اسکالرشپ سے مستفید نہ ہو۔

عمر کی زیادہ سے زیادہ حد عام امیدواروں کے لیے 35 سال مقرر کی گئی ہے، جبکہ سرکاری ملازمین، سرکاری جامعات کے اساتذہ اور محققین کے لیے یہ حد 40 سال ہوگی۔

اسکالرشپ کی دو کیٹیگریز
ایچ ای سی نے اسکالرشپس کو دو مختلف کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے۔

پہلی کیٹیگری امریکا کی QS عالمی درجہ بندی میں شامل ٹاپ 50 جامعات کے لیے ہے، جس میں مکمل ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر سالانہ وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر سالانہ ہیلتھ انشورنس فراہم کی جائے گی۔

دوسری کیٹیگری امریکا کی QS رینکنگ میں 51 سے 100 نمبر تک آنے والی جامعات کے لیے ہے، جس کے تحت 12 ہزار امریکی ڈالر تک سالانہ ٹیوشن فیس، 19,200 امریکی ڈالر وظیفہ اور 2,000 امریکی ڈالر ہیلتھ انشورنس دی جائے گی۔

اہلیت اور درخواست کا طریقہ

اسکالرشپ حاصل کرنے کے لیے امیدوار کا متعلقہ امریکی یونیورسٹی میں داخلہ حاصل کرنا لازمی ہوگا۔ اس کے علاوہ GRE میں کم از کم 300 نمبر یا HEC HAT ٹیسٹ میں کم از کم 60 فیصد نمبر درکار ہوں گے۔

ایچ ای سی کے مطابق بہار/موسمِ گرما 2027 کے داخلوں کے لیے درخواست جمع کرانے کی آخری تاریخ 30 اکتوبر 2026 جبکہ خزاں 2027 کے داخلوں کے لیے 30 مارچ 2027 مقرر کی گئی ہے۔

کمیشن نے واضح کیا ہے کہ یہ اسکالرشپ صرف براہِ راست پی ایچ ڈی پروگرام کے لیے دستیاب ہوگی، جبکہ ماسٹرز لیڈنگ ٹو پی ایچ ڈی پروگرام اس اسکیم میں شامل نہیں۔ تمام درخواستیں صرف ایچ ای سی کے آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جا سکیں گی اور یونیورسٹیوں کی اہلیت کا تعین QS ورلڈ یونیورسٹی رینکنگ 2027 کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *