پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں، حکومت نے تین روز کیلئے کمی کردی
اسلام آباد: پیٹرول اور ڈیزل کی نئی قیمتیں وفاقی حکومت نے آئندہ تین روز کے لیے جاری کر دی ہیں۔ وزارتِ پیٹرولیم کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق یکم اگست سے 3 اگست 2026 تک پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں معمولی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سرکاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 12 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد نئی قیمت 336 روپے 30 پیسے فی لیٹر مقرر کر دی گئی ہے۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل (HSD) کی قیمت میں 66 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی ہے، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 392 روپے 38 پیسے فی لیٹر ہو گئی ہے۔
وزارتِ پیٹرولیم کے مطابق یہ نئی قیمتیں یکم اگست سے 3 اگست تک نافذ العمل رہیں گی، جس کے بعد عالمی مارکیٹ کی صورتحال اور درآمدی لاگت کو مدنظر رکھتے ہوئے آئندہ قیمتوں کا ازسرِ نو جائزہ لیا جائے گا۔
یہ اعلان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب حکومت نے ایک روز قبل پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ کیا تھا۔ گزشتہ نظرثانی میں پیٹرول کی قیمت میں 1 روپے 90 پیسے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 42 پیسے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا، تاہم تازہ فیصلے کے تحت صارفین کو محدود ریلیف فراہم کیا گیا ہے۔
ماہرین کے مطابق عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور درآمدی لاگت کے باعث آئندہ دنوں میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مزید ردوبدل کا امکان برقرار ہے۔ حکومت کی جانب سے مختصر مدت کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان بھی اسی پالیسی کا حصہ قرار دیا جا رہا ہے۔