|

سلمان خان نے اپنی صحت سے متعلق تمام افواہوں کی حقیقت بتا دی

ممبئی: سلمان خان کی صحت سے متعلق سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی افواہوں کے بعد بالی وڈ سپر اسٹار نے خود سامنے آ کر مداحوں کے خدشات دور کر دیے۔ اداکار نے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے اپنی فٹنس پر خصوصی توجہ دیتے ہوئے 16 کلو وزن کم کیا ہے۔

گزشتہ چند دنوں کے دوران سلمان خان کی چند ویڈیوز اور تصاویر سوشل میڈیا پر وائرل ہوئیں، جن میں وہ پہلے کے مقابلے میں کافی دبلے دکھائی دے رہے تھے۔ ان مناظر کے بعد مداحوں کی جانب سے ان کی صحت کے بارے میں مختلف سوالات اٹھائے گئے اور کئی طرح کی قیاس آرائیاں بھی سامنے آئیں۔

ابتدائی طور پر سلمان خان نے ان خبروں پر براہ راست کوئی تبصرہ نہیں کیا، تاہم بعد میں انہوں نے اپنی تازہ تصاویر شیئر کر کے مداحوں کو اطمینان دلانے کی کوشش کی۔ اب ایک ریئلٹی شو میں گفتگو کے دوران انہوں نے خود بھی اس معاملے پر وضاحت کر دی۔

اداکار اپنے چھوٹے بھائی سہیل خان کے ہمراہ ریئلٹی شو “الائنس” میں شریک ہوئے، جہاں دونوں بھائیوں نے اپنی فٹنس اور وزن میں کمی کے تجربات پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران سلمان خان نے سہیل خان سے کہا کہ ان کا وزن نمایاں طور پر کم ہوا ہے۔ اس پر سہیل خان نے بتایا کہ انہوں نے 12 کلو وزن کم کیا ہے اور اپنی فٹنس میں بہتری کے لیے مسلسل محنت کر رہے ہیں۔

اسی دوران سلمان خان نے بھی انکشاف کیا کہ انہوں نے باقاعدہ ورزش، متوازن غذا اور فٹنس روٹین کی بدولت 16 کلو وزن کم کیا ہے۔ ان کے اس بیان کے بعد سلمان خان کی صحت سے متعلق گردش کرنے والی افواہیں کافی حد تک ختم ہوگئی ہیں اور مداحوں نے بھی اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

بالی وڈ حلقوں کے مطابق سلمان خان ان دنوں اپنی آئندہ فلمی منصوبوں کی تیاری کے لیے بھی بھرپور انداز میں فٹنس پر توجہ دے رہے ہیں، جس کی وجہ سے ان کے جسمانی وزن میں نمایاں تبدیلی آئی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *