سندھ حکومت کا بڑا فیصلہ، گریڈ 5 سے 15 کی خالی آسامیوں پر بھرتیاں
کراچی: سندھ حکومت بھرتیاں تیز کرنے کے لیے متحرک ہو گئی ہے۔ حکومت نے مختلف سرکاری محکموں میں گریڈ 5 سے گریڈ 15 تک کی خالی آسامیوں پر تقرریوں کا عمل جلد مکمل کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے لیے متعلقہ حکام کو باضابطہ ہدایات بھی جاری کر دی گئی ہیں۔
سرکاری ذرائع کے مطابق محکمہ سروسز، جنرل ایڈمنسٹریشن اینڈ کوآرڈینیشن (SGA&CD) کی جانب سے تمام ڈویژنل کمشنرز اور ضلعی ڈپٹی کمشنرز کو مراسلہ ارسال کیا گیا ہے، جس میں ہدایت دی گئی ہے کہ خالی آسامیوں پر بھرتیوں کے عمل میں مزید تیزی لائی جائے تاکہ مختلف محکموں میں افرادی قوت کی کمی کو پورا کیا جا سکے۔
مراسلے کے مطابق صوبے بھر کے سرکاری اداروں میں گریڈ 5 سے 15 تک موجود تمام خالی اسامیوں پر شفاف طریقہ کار کے تحت تقرریاں کی جائیں گی۔ اس مقصد کے لیے آئی بی اے ٹیسٹ کامیابی سے پاس کرنے والے امیدواروں کو ترجیحی بنیادوں پر زیر غور لایا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ بھرتیوں کے عمل کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ قواعد و ضوابط کے مطابق مکمل کیا جائے گا تاکہ اہل امیدواروں کو مساوی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ اس اقدام سے نہ صرف سرکاری اداروں کی کارکردگی بہتر ہونے کی توقع ہے بلکہ بے روزگار نوجوانوں کے لیے بھی روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔
ماہرین کے مطابق اگر یہ عمل مقررہ وقت کے اندر مکمل ہوتا ہے تو مختلف سرکاری محکموں میں خالی آسامیوں کا مسئلہ کافی حد تک حل ہو سکتا ہے اور عوامی خدمات کی فراہمی میں بھی بہتری آئے گی۔