سونی نے جدید ایف ایکس 5 سنیما کیمرا پیش کر دیا
جاپانی ٹیکنالوجی کمپنی سونی نے اپنی کمپیکٹ سنیما کیمرا سیریز میں نیا ایف ایکس 5 متعارف کرا دیا ہے، جس میں جدید سینسر، مصنوعی ذہانت پر مبنی پراسیسنگ اور پیشہ ورانہ معیار کی ویڈیو ریکارڈنگ جیسی متعدد نئی خصوصیات شامل کی گئی ہیں۔
کمپنی کے مطابق نیا کیمرا 16.6 میگا پکسل فل فریم اسٹیکڈ ایکسمور آر ایس سی ایم او ایس سینسر اور طاقتور بی آئی او این زیڈ ایکس آر 2 پراسیسر سے لیس ہے۔ اس کے ساتھ مصنوعی ذہانت پر مبنی پراسیسنگ نظام بھی شامل کیا گیا ہے، جو ریکارڈنگ کے معیار اور مجموعی کارکردگی کو مزید بہتر بناتا ہے۔
سونی کا کہنا ہے کہ ایف ایکس 5 اس وقت 5K معیار میں 60 فریم فی سیکنڈ اور 4K معیار میں 120 فریم فی سیکنڈ تک ویڈیو ریکارڈ کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ کمپنی نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ آئندہ جاری کیے جانے والے فرم ویئر اپ ڈیٹ کے بعد یہی کیمرا 5K میں 120 فریم فی سیکنڈ اور 4K میں 240 فریم فی سیکنڈ تک ریکارڈنگ کی سہولت بھی فراہم کرے گا۔
اس نئے کیمرے میں اوپن گیٹ ریکارڈنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے، جس کے ذریعے سینسر کی مکمل چوڑائی اور اونچائی استعمال کرتے ہوئے 3:2 تناسب میں ویڈیو ریکارڈ کی جا سکتی ہے۔ سونی کے مطابق یہ خصوصیت خاص طور پر سوشل میڈیا کے لیے عمودی ویڈیوز تیار کرنے والے تخلیق کاروں کے لیے انتہائی مفید ثابت ہوگی۔
کمپنی نے پہلی مرتبہ اپنی ایف ایکس سیریز میں 16 بِٹ لینیئر را ویڈیو کی اندرونی ریکارڈنگ کی سہولت بھی شامل کی ہے، جس کے باعث اب بیرونی ریکارڈر استعمال کرنے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ اس کے علاوہ کیمرا کمپنی کے ایکس او سی این فارمیٹ کی معاونت بھی فراہم کرتا ہے، جو پیشہ ورانہ ویڈیو پروڈکشن میں وسیع پیمانے پر استعمال کیا جاتا ہے۔
ایف ایکس 5 کو ایف ایکس سیریز کا پہلا کیمرا بھی قرار دیا جا رہا ہے، جس میں ڈوئل گین شوٹنگ ٹیکنالوجی متعارف کرائی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق یہ نظام بہتر ڈائنامک رینج، زیادہ واضح تصویر اور کم روشنی میں کم شور کے ساتھ اعلیٰ معیار کی ویڈیو ریکارڈ کرنے میں مدد دیتا ہے۔
کم روشنی میں بہتر نتائج کے لیے کیمرے میں 800، 4000 اور 12800 کے تین بنیادی آئی ایس او درجے رکھے گئے ہیں، جبکہ سونی کا دعویٰ ہے کہ ایف ایکس 5 پندرہ سے زائد اسٹاپس پر مشتمل ڈائنامک رینج فراہم کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے، جس سے روشن اور تاریک حصوں کی تفصیلات زیادہ مؤثر انداز میں محفوظ کی جا سکتی ہیں۔
تاہم سونی نے فی الحال ایف ایکس 5 کی قیمت، فروخت کے آغاز یا مختلف عالمی منڈیوں میں اس کی دستیابی سے متعلق کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا۔