عالمی منڈی میں سونے کی قیمت تین ماہ کی بلند ترین سطح پر
عالمی منڈی میں عالمی منڈی میں سونے کی قیمت مسلسل اضافے کے بعد تین ماہ سے زائد عرصے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ہے۔ پیر کو سونے کی قیمت میں مزید اضافہ ریکارڈ کیا گیا، جس کے بعد قیمتی دھات کی خریداری میں سرمایہ کاروں کی دلچسپی ایک بار پھر بڑھتی دکھائی دے رہی ہے۔
عالمی مارکیٹ میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.5 فیصد اضافے کے بعد 4,627.42 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ کاروباری سیشن کے دوران سونے کی قیمت 15 مئی کے بعد اپنی بلند ترین سطح پر بھی پہنچ گئی۔ گزشتہ ہفتے بھی سونے کی قیمت میں 5 فیصد سے زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
دوسری جانب امریکی گولڈ فیوچرز کی قیمت میں بھی معمولی اضافہ ہوا۔ امریکی گولڈ فیوچرز 0.1 فیصد اضافے کے بعد 4,683.80 ڈالر فی اونس کی سطح پر پہنچ گئے۔
قیمتی دھاتوں کی دیگر اقسام میں ملا جلا رجحان دیکھنے میں آیا۔ اسپاٹ چاندی کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 68.76 ڈالر فی اونس ہوگئی۔ پلاٹینم کی قیمت میں بھی 0.5 فیصد کمی ہوئی اور یہ 1,868.03 ڈالر فی اونس پر آگیا۔
اسی طرح پیلاڈیم کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد 1,345.87 ڈالر فی اونس ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق سونے کی مارکیٹ میں ایک بار پھر تیزی کا رجحان نمایاں ہورہا ہے۔ سرمایہ کاروں کی جانب سے سونے کی خریداری میں دلچسپی بڑھنے کے ساتھ عالمی اقتصادی صورتحال بھی قیمتوں پر اثر انداز ہورہی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی ڈالر کی کمزوری سونے کی قیمت میں اضافے کی ایک اہم وجہ ہے، جبکہ سرمایہ کار بلند بانڈ ییلڈز، معاشی دباؤ اور عالمی سطح پر پالیسی سے متعلق غیر یقینی صورتحال پر بھی گہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔
عالمی منڈی میں سونے کی قیمت میں حالیہ تیزی کے باعث مقامی مارکیٹ میں بھی سونے کے نرخوں پر اثر پڑنے کے امکانات موجود ہیں، تاہم پاکستان میں قیمتوں کا تعین عالمی نرخ، ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر اور مقامی مارکیٹ کے رجحانات سمیت مختلف عوامل سے ہوتا ہے۔