عمرہ زائرین کے
|

عمرہ زائرین کے لیے سعودی حکام کی اہم ہدایت، مسجد الحرام جانے سے پہلے یہ بات جان لیں

مکہ مکرمہ: عمرہ زائرین کے لیے سعودی حکام نے مسجد الحرام میں رش سے بچنے اور عبادات کو زیادہ سہولت کے ساتھ ادا کرنے کے حوالے سے اہم ہدایات جاری کردی ہیں۔ زائرین کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ مسجد الحرام جانے سے پہلے رش کی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے اوقات طے کریں۔

سعودی جنرل اتھارٹی کے مطابق مسجد الحرام میں مختلف اوقات کے دوران رش کی شدت تبدیل ہوتی رہتی ہے، اس لیے زائرین پہلے سے منصوبہ بندی کریں تاکہ مطاف اور مسعی میں آمدورفت آسان رہے۔

مسجد الحرام میں کم رش کے اوقات
حکام کے مطابق مسجد الحرام میں رات 10 بجے سے صبح 4 بجے تک اور صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک رش نسبتاً کم رہتا ہے۔ ان اوقات میں زائرین طواف اور سعی سمیت دیگر عبادات زیادہ سہولت سے ادا کرسکتے ہیں۔

صبح 5 بجے سے 8 بجے تک رش درمیانے درجے کا رہتا ہے، جبکہ شام 5 بجے سے رات 9 بجے تک مسجد الحرام میں سب سے زیادہ رش دیکھا جاتا ہے۔

زائرین کو ہدایت کی گئی ہے کہ ممکنہ حد تک زیادہ رش والے اوقات میں مسجد الحرام جانے سے گریز کریں، خصوصاً اگر ان کے لیے کم رش والے اوقات میں عبادات ادا کرنا ممکن ہو۔

ڈیجیٹل سہولیات سے فائدہ اٹھانے کا مشورہ
سعودی حکام نے زائرین کو مشورہ دیا ہے کہ وہ مسجد الحرام میں دستیاب ڈیجیٹل سہولیات اور براہ راست رش کی صورتحال سے بھی فائدہ اٹھائیں۔

حکام کے مطابق مناسب وقت کا انتخاب کرنے سے نہ صرف ہجوم کم کرنے میں مدد ملتی ہے بلکہ مطاف اور مسعی میں آمدورفت بھی نسبتاً آسان ہوجاتی ہے۔

عمرہ زائرین کی تعداد میں اضافہ
رپورٹ کے مطابق موجودہ عمرہ سیزن کے ابتدائی ڈیڑھ ماہ کے دوران 9 لاکھ 20 ہزار 500 عمرہ زائرین سعودی عرب پہنچ چکے ہیں۔

اس سے قبل جاری کیے گئے اعدادوشمار میں عمرہ ویزے پر سعودی عرب آنے والے افراد کی تعداد میں 22.5 فیصد اضافے کی نشاندہی کی گئی تھی۔

زائرین کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر سعودی حکام نے پیشگی منصوبہ بندی پر زور دیا ہے تاکہ مسجد الحرام میں عبادات کے دوران ہجوم کو بہتر انداز میں منظم کیا جاسکے اور زائرین کو مناسک کی ادائیگی میں زیادہ سہولت فراہم کی جاسکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *