|

غلط ای چالان منسوخ کرانے کا آن لائن طریقہ پنجاب حکومت نے بتا دیا

لاہور: غلط ای چالان موصول ہونے والے شہریوں کے لیے پنجاب حکومت نے اہم سہولت متعارف کرا دی ہے۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے مطابق اب شہری گھر بیٹھے آن لائن درخواست دے کر ای چالان کا ریویو کرا سکتے ہیں، اور اگر چالان غلط ثابت ہو جائے تو اسے 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔

پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کی جانب سے جاری کردہ طریقہ کار کے مطابق اگر کسی شہری کو غلط ای چالان موصول ہوتا ہے تو وہ اتھارٹی کی ویب سائٹ پر لاگ اِن کر کے ریویو سیکشن میں اپنی درخواست جمع کرا سکتا ہے۔

درخواست جمع کراتے وقت متعلقہ ثبوت یا شواہد بھی اپ لوڈ کرنا ہوں گے تاکہ حکام کیس کا مکمل جائزہ لے سکیں۔ اگر جانچ پڑتال کے دوران یہ ثابت ہو جائے کہ ای چالان غلط جاری کیا گیا تھا تو متعلقہ چالان کو 24 گھنٹوں کے اندر منسوخ کر دیا جائے گا۔

پنجاب پولیس نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اس سہولت سے ذمہ داری کے ساتھ فائدہ اٹھائیں اور صرف حقیقی شکایات کی صورت میں ہی ریویو کی درخواست جمع کرائیں، تاکہ نظام کی شفافیت برقرار رہے اور مستحق شہریوں کی شکایات بروقت حل کی جا سکیں۔

حکام کے مطابق اس نئے آن لائن نظام کا مقصد شہریوں کو غیر ضروری دفاتر کے چکر لگانے سے بچانا، شکایات کے ازالے کو تیز بنانا اور ای چالان کے نظام پر عوام کا اعتماد مزید مضبوط کرنا ہے۔

اگر کسی شہری کو یقین ہو کہ اس کے نام پر غلط ای چالان جاری ہوا ہے تو وہ فوری طور پر آن لائن ریویو کی درخواست دے کر اپنے شواہد جمع کرا سکتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *