بلا سود قرضہ حاصل کرنے کا آسان طریقہ، مکمل اہلیت جان لیں
لاہور: بلا سود قرضہ حاصل کرنے کے خواہشمند کم آمدن والے خاندانوں کے لیے پنجاب حکومت نے اہم سہولت فراہم کر دی ہے۔ “اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت شہری اپنے گھروں کی مرمت، خستہ حال چھتوں کی بحالی اور بالائی منزل کی تعمیر کے لیے 5 لاکھ سے 10 لاکھ روپے تک کا بلا سود قرضہ حاصل کر سکتے ہیں۔
حکومت کی جانب سے متعارف کرائے گئے اس فلاحی پروگرام کا مقصد ایسے خاندانوں کی مالی معاونت کرنا ہے جو محدود وسائل کے باعث اپنے گھر کی ضروری مرمت یا تعمیر نہیں کرا سکتے۔
قرضے کی دو کیٹیگریز
سرکاری پورٹل پر درخواست دہندگان کے لیے دو مختلف کیٹیگریز رکھی گئی ہیں۔
“اپنی چھت، اپنا گھر” پروگرام کے تحت مکمل ہاؤسنگ قرضہ
چھتوں کی مرمت اور بحالی کے لیے بلا سود قرضہ
درخواست گزار اپنی ضرورت کے مطابق کسی بھی کیٹیگری کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
پنجاب حکومت کے مطابق درخواست گزار کے لیے درج ذیل شرائط پوری کرنا ضروری ہیں۔
پنجاب کا مستقل رہائشی ہو۔
نادرا سے تصدیق شدہ کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ رکھتا ہو۔
شہری علاقے میں زیادہ سے زیادہ 5 مرلہ یا دیہی علاقے میں 10 مرلہ تک رہائشی جائیداد کا مالک ہو۔
عمر 21 سے 60 سال کے درمیان ہو۔
کسی بینک یا مالیاتی ادارے کا نادہندہ (ڈیفالٹر) نہ ہو۔
کسی سنگین فوجداری مقدمے میں سزا یافتہ نہ ہو۔
نادرا اور پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی سے ریکارڈ کی تصدیق کرانا لازمی ہوگی۔
درخواست دینے کا طریقہ
درخواست گزار سرکاری پورٹل پر جا کر اپنا اکاؤنٹ رجسٹر کریں۔ لاگ اِن کے بعد مطلوبہ قرضہ کیٹیگری منتخب کریں اور درج ذیل دستاویزات اپ لوڈ کریں۔
کمپیوٹرائزڈ شناختی کارڈ
جائیداد کی ملکیت کا ثبوت (فرد)
موجودہ گھر یا چھت کی تصاویر
درخواست جمع ہونے کے بعد متعلقہ حکام اس کا جائزہ لیں گے اور اہل افراد کو پروگرام کے تحت قرضہ فراہم کیا جائے گا۔
ہیلپ ڈیسک اور رہنمائی
عوام کی سہولت کے لیے پنجاب بھر میں تمام ڈپٹی کمشنرز، اسسٹنٹ کمشنرز اور متعلقہ علاقائی دفاتر میں خصوصی ہیلپ ڈیسک قائم کیے گئے ہیں، جہاں درخواست گزار رہنمائی حاصل کر سکتے ہیں یا درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
مزید معلومات کے لیے حکومت نے ٹول فری ہیلپ لائن 0800-09100 بھی جاری کی ہے۔