بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز معاہدہ، طلبہ کیلئے نئے مواقع
اسلام آباد: بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز معاہدہ طے پا گیا ہے، جس کا مقصد طلبہ کو جدید میڈیا انڈسٹری سے ہم آہنگ کرنا اور انہیں عملی پیشہ ورانہ مہارتیں فراہم کرنا ہے۔
اس سلسلے میں بحریہ یونیورسٹی اور اے بی این نیوز کے درمیان ایک یادداشتِ مفاہمت (ایم او یو) پر دستخط کیے گئے، جس کے تحت تعلیمی ادارے اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنایا جائے گا۔
معاہدے کے مطابق بحریہ یونیورسٹی کے طلبہ کو انٹرن شپ، پیشہ ورانہ تربیت، میڈیا ماہرین کی زیر نگرانی ورکشاپس، مشترکہ سرٹیفکیٹ پروگرامز اور دیگر عملی سیکھنے کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ وہ اپنی تعلیمی صلاحیتوں کو عملی میدان میں بہتر انداز میں استعمال کر سکیں۔
اس شراکت داری کا بنیادی مقصد ایسے نوجوان میڈیا پروفیشنلز تیار کرنا ہے جو جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں اور قومی میڈیا انڈسٹری کی ضروریات کو مؤثر انداز میں پورا کر سکیں۔
یونیورسٹی انتظامیہ کے مطابق اس تعاون سے طلبہ کو کلاس روم کی تعلیم کے ساتھ ساتھ مین اسٹریم میڈیا کے حقیقی ماحول میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جس سے ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا اور روزگار کے بہتر امکانات بھی پیدا ہوں گے۔
اس معاہدے کو تعلیمی اداروں اور میڈیا انڈسٹری کے درمیان روابط مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے، جس سے طلبہ کو مستقبل میں عملی تجربہ اور جدید صحافتی مہارتیں حاصل کرنے میں مدد ملے گی۔