سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کے لیے بڑا اعلان
اسلام آباد: ریاض ایئر پاکستان پروازیں شروع کرنے کا باقاعدہ اعلان کر دیا گیا ہے، جس کے بعد سعودی عرب جانے والے پاکستانیوں کو ایک نئی سفری سہولت میسر آئے گی۔ سعودی عرب کی نئی قومی ایئرلائن ریاض ایئر اگست سے پاکستان کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز کر رہی ہے۔
ایئرلائن انتظامیہ کے مطابق پہلے مرحلے میں 14 اگست سے ریاض اور اسلام آباد کے درمیان روزانہ نان اسٹاپ پروازیں چلائی جائیں گی۔ یہ اقدام دونوں برادر ممالک کے درمیان فضائی روابط کو مزید مضبوط بنانے کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔
اعلان کے مطابق لاہور کیلئے براہِ راست پروازوں کا آغاز 18 اگست سے ہوگا۔ ابتدائی مرحلے میں اس روٹ پر ہفتے میں تین پروازیں آپریٹ کی جائیں گی، جبکہ مستقبل میں مسافروں کی تعداد اور طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے پروازوں میں اضافہ بھی کیا جا سکتا ہے۔
ایئرلائن کا کہنا ہے کہ نئی سروس سے کاروباری افراد، سیاح، عمرہ زائرین اور سعودی عرب میں مقیم پاکستانیوں کو سفر کے لیے مزید آسان، تیز اور جدید سہولیات میسر آئیں گی۔
ماہرین کے مطابق ریاض ایئر کی پاکستان میں پروازوں کے آغاز سے نہ صرف دونوں ممالک کے درمیان عوامی روابط مضبوط ہوں گے بلکہ تجارت، سرمایہ کاری، سیاحت اور اقتصادی تعاون کو بھی فروغ ملنے کی توقع ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ مستقبل میں دیگر پاکستانی شہروں کو بھی ریاض ایئر کے نیٹ ورک میں شامل کرنے پر غور کیا جا سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے فی الحال کوئی باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا۔