چھوٹے کاروباروں کیلیے آسان قرض: وزیراعظم کی نظام کو آسان اور تیز کرنے کی ہدایت
اسلام آباد: وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں (ایس ایم ایز) کو قرضوں کی فراہمی مزید آسان اور تیز بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا ہے کہ مالی وسائل تک بہتر رسائی ہی پائیدار معاشی ترقی، روزگار میں اضافے اور برآمدات کے فروغ کی بنیاد ہے۔
وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت دی کہ کاروباری برادری، خصوصاً ایس ایم ایز، کے لیے قرضوں کے حصول کے عمل کو مزید مؤثر بنایا جائے۔ انہوں نے اعلان کیا کہ ہر سال سب سے زیادہ قرضے فراہم کرنے والے بینک کو خصوصی ایوارڈ بھی دیا جائے گا۔
علاوہ ازیں اجلاس میں مالیات تک رسائی بڑھانے کے لیے نئے گورننس ڈھانچے کی منظوری بھی دی گئی۔ اس نظام کے تحت اعلیٰ سطح کی کمیٹی کی سربراہی وزیراعظم خود کریں گے، جبکہ اسٹیئرنگ کمیٹی کی قیادت وزیر خزانہ کریں گے اور گورنر اسٹیٹ بینک شریک چیئرمین ہوں گے۔
دورانِ اجلاس حکام نے شرکا کو بتایا کہ ایس ایم ای، زراعت، آئی ٹی، نئی توانائی اور ہاؤسنگ فنانس کے لیے الگ الگ ذیلی کمیٹیاں قائم کی جائیں گی تاکہ ہر شعبے کی ضروریات کے مطابق مالی سہولتیں فراہم کی جا سکیں۔
بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ حکومت جون 2028 تک ایس ایم ای فنانسنگ کا حجم 1.15 ٹریلین روپے سے بڑھا کر 2 ٹریلین روپے تک لے جانا چاہتی ہے۔
علاوہ ازیں اسی مدت میں قرض لینے والے کاروباری اداروں کی تعداد 3 لاکھ 24 ہزار سے بڑھا کر 7 لاکھ 75 ہزار کرنے اور مجموعی بینکاری قرضوں میں ایس ایم ایز کا حصہ 9.9 فیصد سے بڑھا کر 13 فیصد تک پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے، جبکہ بینکوں کی کارکردگی جانچنے کے لیے اسکورنگ سسٹم بھی متعارف کرایا جائے گا۔