آزاد کشمیر انتخابات: مریم نواز کا دھاندلی الزامات پر پیپلز پارٹی کو جواب

لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ (ن) پر لگائے گئے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے پیپلز پارٹی پر طنز کیا ہے۔

مریم نواز نے سوشل میڈیا پر جاری اپنے بیان میں کہا کہ دھاندلی کی باریک واردات کی ماسٹر مائند پیپلز پارٹی آج دھاندلی کا رونا رو رہی ہے، قیامت کتنے بجے ہے؟

اس سے قبل پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ آزاد کشمیر کے انتخابات میں ان کی جماعت کے ساتھ دھاندلی کی گئی اور ضابطہ اخلاق کی مسلسل خلاف ورزیاں ہوتی رہیں۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن غیرجانبدار ادارے کے بجائے الیکشن ایجنٹ کا کردار ادا کرتا رہا اور مسلم لیگ (ن) نے دھاندلی کی نئی مثال قائم کی ہے۔

حسن مرتضیٰ نے مریم نواز کا نام لیے بغیر کہا کہ نواز شریف آزاد کشمیر جا کر وزارتِ عظمیٰ کا مطالبہ کر رہے ہیں  حالانکہ آج انہیں یہ سیاسی حیثیت بھی پیپلز پارٹی کی بدولت حاصل ہے، پیپلز پارٹی نواز شریف کی عزت کرتی ہے، ان کی سیاسی قدر خود مسلم لیگ (ن) کی قیادت نے کم کی ہے۔

انہوں نے پنجاب حکومت کو بھی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ شاہدرہ سے مریدکے تک ہزاروں ایکڑ زرعی اراضی زیرِ آب ہے، جہاں فصلوں میں کئی فٹ پانی کھڑا ہے، یہ قدرتی سیلاب نہیں بلکہ نالے کا بند ٹوٹنے کے باعث پیدا ہونے والی صورتحال ہے۔

حسن مرتضیٰ نے کہا کہ چند گھنٹوں کی بارش کے بعد لاہور کی سڑکیں نالوں کا منظر پیش کرتی ہیں جبکہ حکومتی پالیسیوں کے باعث عوام کو مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے گندم کی درآمد اور عوام سے وصول کیے جانے والے ٹیکسوں کا حوالہ دیتے ہوئے حکومت پر عوام کو بنیادی سہولیات فراہم نہ کرنے کا الزام بھی عائد کیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری بھی آزاد کشمیر میں پہلے مرحلے کے انتخابات میں دھاندلی کے الزامات عائد کر چکے ہیں، مسلم لیگ (ن) ان الزامات کو مسترد کرتی رہی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *