قبرص میں برطانوی فضائی اڈے کی مبینہ جاسوسی، برطانوی و آذربائیجانی شہری گرفتار
نکوسیا: برطانیہ اور آذربائیجان کی دوہری شہریت رکھنے والے ایک شخص کو قبرص میں مبینہ جاسوسی کے الزام میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم پر قبرص میں واقع برطانوی فضائی اڈے کی حساس معلومات جمع کرکے ایران کی اسلامی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے کو فراہم کرنے کا الزام ہے۔
برطانوی حکام کے مطابق چوالیس سالہ راشد سلطانوف کو سترہ جولائی کو قبرص میں گرفتار کیا گیا۔ یہ کارروائی برطانیہ کی انسدادِ دہشت گردی پولیس کی جاری تحقیقات کے سلسلے میں عمل میں آئی، جن کا تعلق قبرص میں واقع آر اے ایف اکروتیری فضائی اڈے پر مبینہ جاسوسی کی سرگرمیوں سے ہے۔
پولیس کے مطابق تحقیقات میں گیارہ مئی سے بائیس جون دو ہزار پچیس کے دوران ہونے والی مبینہ سرگرمیوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ملزم نے اس عرصے کے دوران برطانوی فوجی اڈے کی خفیہ نگرانی کی، جو برطانوی قانون کے تحت ایک ممنوعہ اور حساس مقام تصور کیا جاتا ہے۔
تحقیقاتی اداروں کے مطابق راشد سلطانوف پر الزام ہے کہ انہوں نے فوجی اڈے سے متعلق حساس معلومات اور مشاہدات اکٹھے کیے، جنہیں بعد ازاں ایران کی اسلامی پاسدارانِ انقلاب سے منسلک ایک غیر ملکی انٹیلی جنس ادارے تک پہنچایا گیا۔
برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ملزم کو قانونی کارروائی کے لیے برطانیہ منتقل کرنے کی کوششیں جاری ہیں تاکہ وہاں اس کے خلاف باضابطہ مقدمہ چلایا جا سکے۔ اس سلسلے میں متعلقہ قانونی تقاضے اور بین الاقوامی عدالتی کارروائیاں مکمل کی جا رہی ہیں۔
تاحال راشد سلطانوف یا ایرانی حکام کی جانب سے ان الزامات پر کوئی باضابطہ ردعمل سامنے نہیں آیا جبکہ عدالت میں بھی ابھی ان الزامات کی سماعت اور فیصلہ ہونا باقی ہے۔