یو اے ای وزٹ ویزا دوبارہ جاری، پاکستانی شہریوں کے لیے اہم پیش رفت
دبئی: یو اے ای وزٹ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے خوشخبری سامنے آگئی ہے۔ متحدہ عرب امارات نے رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے پاکستانیوں کے لیے وزٹ ویزوں کا اجرا دوبارہ شروع کر دیا ہے، جس سے کئی ماہ سے جاری غیر یقینی صورتحال میں نمایاں بہتری آنے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ٹریول انڈسٹری سے وابستہ نمائندوں اور یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے اس پیش رفت کی تصدیق کی ہے۔ نئے انتظام کے تحت مکمل دستاویزات رکھنے والے درخواست گزار اب رجسٹرڈ ٹریول ایجنسیوں کے ذریعے ویزے کے لیے درخواست جمع کرا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ متحدہ عرب امارات میں تقریباً 18 لاکھ پاکستانی مقیم ہیں، جبکہ یہ پاکستان کے لیے ترسیلات زر کے اہم ترین ذرائع میں شمار ہوتا ہے۔ گزشتہ چند ماہ کے دوران ویزا درخواستوں کی منظوری میں تاخیر اور سخت جانچ پڑتال کے باعث متعدد پاکستانیوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
ٹریول انڈسٹری کے نمائندوں کے مطابق حالیہ فیصلے سے سب سے زیادہ فائدہ ان خاندانوں کو ہو رہا ہے جو اپنے اہل خانہ سے ملاقات یا سیاحت کی غرض سے یو اے ای جانا چاہتے ہیں۔ ان کے مطابق فیملی ویزوں کی منظوری کی شرح میں واضح بہتری دیکھی جا رہی ہے۔
امیگریشن حکام کے مطابق پاکستان سے دبئی جانے والے مسافروں کی تعداد میں بھی اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ جولائی کے آخری ہفتے تک روزانہ تقریباً 400 مسافر دبئی روانہ ہو رہے تھے، جبکہ گرمیوں کے آغاز میں یہ تعداد تقریباً 170 تھی۔
یو اے ای سفارت خانے کے ایک اہلکار نے بھی تصدیق کی کہ رجسٹرڈ ٹریول ایجنٹس کے ذریعے درخواست دینے والے عام پاسپورٹ ہولڈرز کے لیے وزٹ ویزے جاری کیے جا رہے ہیں۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ درخواست کے ساتھ تمام مطلوبہ دستاویزات مکمل ہونا ضروری ہے تاکہ کارروائی بغیر کسی غیر ضروری تاخیر کے مکمل کی جا سکے۔