حیدرآباد، اٖفغانیوں کو سندھ سے نکالنے کیلیے قوم پرستوں کا احتجاج

حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)سندھ ترقی پسند پارٹی (ایس ٹی پی)کی اپیل پر افغان مہاجرین سمیت سندھ میں مقیم تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کے انخلا کے مطالبے کیلئے حیدرآباد ڈویژن کے اضلاع حیدرآباد، جامشورو، ٹنڈوالٰہیار اور مٹیاری میں ڈپٹی کمشنرز کے دفاتر کے سامنے احتجاجی مظاہرے، دھرنے اور احتجاجی کیمپ لگائے گئے۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں نے حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے ڈپٹی کمشنرز کے ذریعے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو یادداشتیں پیش کیں، جن میں مطالبہ کیا گیا کہ سندھ سے افغان مہاجرین سمیت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو بلاامتیاز فوری طور پر بے دخل کیا جائے تاکہ سندھ کی قومی شناخت، وسائل، روزگار، امن و امان اور آبادیاتی (ڈیموگرافک) تشخص کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔حیدرآباد ضلع میں احتجاج کی قیادت حیدرآباد ڈویژن کے صدر حیدر ملاح، ضلعی چیف آرگنائزر جان محمد جونیجو، حسن جونیجو اور عرفان بروہی نے کی۔ جامشورو میں منٹھار چھچھر، یونس اوٹھو، امجد مستوئی اور ارشاد پنہور کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاج کیا گیا۔ ٹنڈوالٰہیار میں میر محمد پتافی، محبوب سموں، میر محمد ہکڑو، کامریڈ جعفر سندھی اور دیگر کی قیادت میں ڈی سی آفس کے سامنے احتجاجی کیمپ قائم کیا گیا، جبکہ مٹیاری میں جام شوکت ابڑو، ضلعی صدر قربان ارباب، شاہد لغاری، موسو لڑکو، آصف لڑکو اور دیگر رہنماں کی قیادت میں ڈپٹی کمشنر آفس کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی مظاہروں سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں نے کہا کہ سندھ میں مسلسل غیر قانونی آبادکاری اور غیر ملکیوں کی بڑھتی ہوئی موجودگی کے باعث سندھی عوام معاشی، سماجی اور قومی سطح پر شدید متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع کم ہوتے جا رہے ہیں، زمینوں پر قبضے بڑھ رہے ہیں، امن و امان کی صورتحال خراب ہو رہی ہے اور سندھ کی آبادی کے تناسب کو منظم انداز میں تبدیل کرنے کی کوششیں جاری ہیں، جو سندھ کے قومی وجود کے لیے نہایت خطرناک ہیں۔پارٹی رہنمائوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ وفاقی حکومت غیر ملکیوں کے انخلا کی پالیسی پر انتخابی انداز میں عمل کر رہی ہے، جبکہ سندھ میں برسوں سے مقیم غیر قانونی غیر ملکیوں کے خلاف مکمل اور شفاف آپریشن سے گریز کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کسی بھی ملک یا قوم سے دشمنی مقصود نہیں، بلکہ سندھ کے قومی مفادات، وسائل اور مقامی لوگوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے قانون کے مطابق تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کو ان کے اپنے ممالک واپس بھیجا جائے۔احتجاج کے اختتام پر پارٹی وفود نے متعلقہ ڈپٹی کمشنرز کو یادداشتیں پیش کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ وہ سندھ کے عوام کے خدشات اور مطالبات وفاقی اور صوبائی حکومتوں تک پہنچائیں اور سندھ سے افغان مہاجرین سمیت تمام غیر قانونی غیر ملکیوں کے جلد، مکمل اور بلاامتیاز انخلا کو یقینی بنانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں۔

 

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *