ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں‘بلال قادری
کراچی(اسٹاف رپورٹر) پاکستان سنی تحریک کے مرکزی صدر صاحبزادہ علامہ بلال عباس قادری نے کہا ہے کہ شہر قائد میں تیزی سے مکمل کیے جانے والے ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر سنجیدہ سوالات اٹھ رہے ہیں۔آخر کبھی کسی نے یہ جاننے کی کوشش کی ہے کہ ان منصوبوں میں استعمال ہونے والے مٹیریل، تعمیراتی معیار اور نگرانی کا نظام کس حد تک شفاف اور معیاری ہے۔عوام کے اربوں روپے خرچ ہونے کے باوجود منصوبوں کی حالت چند ماہ یا پہلی ہی بارش کے بعد خراب ہونا متعلقہ اداروں کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کی سڑکیں،انڈر پاس،فلائی اوورز اور دیگر ترقیاتی منصوبوں میں بظاہر ناقص مٹیریل کے استعمال کے باعث شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔نئی تعمیر ہونے والی سڑکیں پہلی ہی بارش میں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہو جاتی ہیں،جگہ جگہ گڑھے پڑ جاتے ہیں جبکہ انڈر پاس اور فلائی اوور بھی مختلف مقامات پر دراڑوں اور خستہ حالی کا منظر پیش کر رہے ہیں۔اگر منصوبوں میں معیاری مٹیریل استعمال کیا جاتا اور تعمیراتی اصولوں پر عمل کیا جاتا تو عوام کو بار بار ان مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔بلال عباس قادری نے کہا کہ عوام ٹیکس اس لیے ادا نہیں کرتے کہ ہر چند ماہ بعد انہیں منصوبوں پر دوبارہ اربوں روپے خرچ کیے جائیں۔