صدر کا فرانس اور اسپین میں آگ سے جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس
اسلام آباد (نمائندہ جسارت) صدر مملکت آصف علی زرداری نے فرانس اورا سپین کے جنگلوں میں آتشزدگی پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے اس کے نتیجے میں قیمتی جانوں کے ضیاع اور تباہی پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے منگل کو جاری بیان کے مطابق صدرِ مملکت نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا ۔ صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان فرانس اور اسپین کی حکومتوں اور عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔ انہوں نے فائر فائٹرز اور امدادی کارکنوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی پوری انسانیت کیلئے مشترکہ چیلنج ہے۔ صدرِ مملکت نے کہا کہ پاکستان بھی موسمیاتی تبدیلی کے تباہ کن اثرات سے شدید متاثرہ ممالک میں شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کیلئے عالمی یکجہتی اور اجتماعی کوششیں ناگزیر ہیں۔