الجزائر : خالدہ بوفیدیش پہلی خاتون اسپیکر بن گئیں
الجزائر سٹی (انٹرنیشنل ڈیسک) الجزائر کی پارلیمان نے خالدہ بوفیدیش کو اسپیکر منتخب کرلیاجس کے بعد وہ یہ عہدہ سنبھالنے والی پہلی خاتون بن گئیں۔ بوفیدیش نیشنل لبریشن فرنٹ (ایف ایل این) کی رکن ہیں جو الجزائر کی آزادی کی تاریخی جماعت اور موجودہ حکومت کے ساتھ اتحادی ہے۔ ایف ایل این اس ماہ کے شروع میں ہونے والے پارلیمانی انتخابات میں سب سے بڑی فاتح تھی جس نے 407 میں سے 91 نشستیں حاصل کیں۔ ووٹرز کا ٹرن آؤٹ 21 فیصد رہا جو اب تک کی کم ترین تعداد ہے۔ بوفیدیش اپنی پارٹی کی مرکزی کمیٹی کی رکن ہیں اور پارلیمان میں داخل ہونے سے پہلے انہوں نے مقامی سیاست میں خدمات انجام دیں۔ انہوں نے ایک ایسے ادارے کی اسپیکرشپ سنبھالی ہے جہاں خواتین کو نمایاں طور پر کم نمائندگی دی جاتی ہے اور یہ صرف 25 نشستیں یا کل کا 6فیصد بنتا ہے۔ سابقہ پارلیمان میں 38 خواتین ارکان تھیں اور اس سے پہلے والی پارلیمان میں 118 ارکان تھیں ۔