میکسیکو سے 2 کروڑ ڈالر کی منشیات امریکا لانے کی کوشش ناکام
واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) میکسیکو سے 2 کروڑ ڈالر مالیت کی منشیات امریکا لانے کے دوران پکڑی گئیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق میکسیکو سے امریکا میں داخل ہونے والے ایک کمرشل ٹرک کے فرش کے نیچے چھپائی گئی 1000 پاؤنڈ سے زائد کوکین برآمد کر کے ٹرک کے ڈرائیور کو گرفتار کر لیا گیا۔ حکام کے مطابق کیلیفورنیا اور میکسیکو کو ملانے والے کالیکسیکو پورٹ آف انٹری پر کمرشل ٹرک میں چھپائی گئی کوکین کی مالیت 2 کروڑ ڈالر سے زائد ہے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے جس ڈرائیور کو حراست میں لیا ہے وہ ٹرک کا مالک ہے۔ امریکی میڈیا کے مطابق 44 سالہ میکسیکن شہری اور ٹرک میں سوار ہوزے مینوئل لوپیز نامی واحد شخص پر امریکا میں کوکین اسمگل کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔