گھر کی دیوار گرنے سے3سالہ بچی جاں بحق، بہن بھائی زخمی

کراچی (جسارت نیوز) ماڑی پور کے علاقے مچھر کالونی میں جمعہ کو گھر کی دیوار گرنے سے ایک کمسن بچی جاں بحق جبکہ اس کے دو سگے بہن بھائی زخمی ہوگئے۔ واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی لہر دوڑ گئی جبکہ ریسکیو اہلکاروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے متاثرہ بچوں کو ملبے سے نکال کر اسپتال منتقل کیا۔ریسکیو حکام کے مطابق حادثہ مچھر کالونی میں حضرت بلال مسجد کے قریب پیش آیا، جہاں اچانک گھر کی دیوار گرنے سے تین بچے ملبے تلے دب گئے۔ جاں بحق ہونے والی بچی کی شناخت 3 سالہ کلثوم دختر ولی رحمان کے نام سے ہوئی ہے، جبکہ زخمی بچوں میں 5 سالہ عبید ولد ولی رحمان اور 10 سالہ صادقہ دختر ولی رحمان شامل ہیں۔ریسکیو حکام کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والی بچی اور دونوں زخمی بچے آپس میں سگے بہن بھائی ہیں۔ امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبہ ہٹایا اور بچوں کو فوری طور پر سول اسپتال منتقل کیا، جہاں زخمی بچوں کو طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے۔پولیس اور متعلقہ حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ ابتدائی طور پر دیوار گرنے کی وجہ عمارت کی خستہ حالی بتائی جا رہی ہے۔ حکام نے شہریوں کو بارشوں کے موسم میں بوسیدہ اور کمزور عمارتوں کے حوالے سے احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *