افغان طالبان کا دعویٰ مسترد‘ پاکستان سے اسلحہ اسمگلنگ کا الزام بے بنیاد ہے، وزارت اطلاعات
اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) وزارت اطلاعات و نشریات نے افغان طالبان کی جانب سے پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی اسمگلنگ کے دعوے کو مسترد کردیا۔ وزارت اطلاعات کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان سے افغانستان ہتھیاروں کی اسمگلنگ کا دعویٰ بے بنیاد ہے، یہ دعویٰ مسلمہ حقائق کے منافی اور اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے۔ وزارت اطلاعات کے مطابق افغانستان پہلے ہی امریکی و اتحادی افواج کے چھوڑے گئے 7.2 ارب ڈالر مالیت کے ہتھیار رکھتا ہے، افغانستان میں سوویت دور کے ہتھیاروں کے بڑے ذخائر بھی موجود ہیں، ان ہتھیاروں کو پاکستان سے جوڑنا اصل مسئلے سے توجہ ہٹانے کے مترادف ہے۔وزارت اطلاعات نے کہاکہ افغان سرزمین پر دہشت گرد گروہوں کو پناہ، سہولت اور کارروائی کی آزادی ہے، یہ گروہ پاکستان میں دہشت گرد حملوں کی منصوبہ بندی اور کارروائیوں میں مصروف ہیں۔ وزارت اطلاعات نے مطالبہ کیاکہ افغان طالبان اپنی سرزمین پر موجود دہشت گردوں کے خلاف مؤثر کارروائی کریں اور اپنی سرزمین کو کسی ملک کے خلاف دہشت گردی کے لیے استعمال نہ ہونے دیں۔