پولینڈ: روسی میزائل دھماکے کے بعد ناٹو کے جنگی طیارے الرٹ
وارسا (انٹرنیشنل ڈیسک) پولینڈ کی حدود میں روسی میزائل پھٹنے کے بعد ناٹو نے اپنے جنگی طیارے فوری طور پر الرٹ کر دیے۔ خبررساں اداروں کے مطابق جمعرات کی صبح پولینڈ کی فضائی حدود میں داخل ہونے والا یہ میزائل روس کی جانب سے رات بھر یوکرین پر کیے گئے بیلسٹک میزائلوں اور ڈرون حملوں کا حصہ تھا۔ ان حملوں میں بچوں سمیت تقریباً 8 شہری ہلاک جبکہ 50 سے زائد افراد زخمی ہوئے۔ ناٹو کے ترجمان کے مطابق میزائل کی نشاندہی ہوتے ہی پولینڈ سمیت اتحادی ممالک نے ایف 16 جنگی طیارے، فضائی ایندھن فراہم کرنے والا طیارہ اور فضائی نگرانی کے لیے ابتدائی انتباہی طیارہ بھی فوری طور پر فضا میں روانہ کیا۔ ترجمان نے کہا کہ ناٹو اپنی سر زمین کے دفاع کے لیے تمام ضروری اقدامات جاری رکھے گا۔ پولینڈ کے حکام کے مطابق مشرقی گاؤں تارناوا-کولونیا میں ہونے والے دھماکے سے ایک بڑا گڑھا بن گیا۔ اگرچہ اس واقعے میں کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا، تاہم اس سے ناٹو اور روس کے درمیان کشیدگی میں مزید اضافہ متوقع ہے، جبکہ یورپی ممالک کو خدشہ ہے کہ 4 برس سے جاری جنگ ان کی سر زمین تک بھی پھیل سکتی ہے۔