خیرپور : ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ممکنہ بارشوں سے متعلق اہم اجلاس
خیرپور(نمائندہ جسارت) ڈپٹی کمشنر خیرپور و چیئرمین ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (DDMA) الطاف احمد چاچڑ کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنر خیرپور کے دربار ہال میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں ضلع میں مون سون بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال سے نمٹنے کے لیے کیے گئے انتظامات، رسک اسیسمنٹ اور کنٹیجنسی پلان کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر-I ریاض احمد شیخ، چیف میونسپل آفیسر غلام قادر تنیو، ڈسٹرکٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی، محکمہ صحت سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں بریفنگ دیتے بتایا گیا کہ سال 2022 کے تباہ کن سیلاب کے تجربات کی روشنی میں ضلع خیرپور کے لیے ایک جامع رسک اسیسمنٹ اور کنٹیجنسی پلان تیار کیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت اور مؤثر اقدامات یقینی بنائے جا سکیں۔بریفنگ میں بتایہ گیا کہ سال 2022 کے مون سون کے دوران ضلع خیرپور میں غیر معمولی بارشیں ہوئیں جن کے باعث 73 ہزار سے زائد افراد بے گھر ہوئے جبکہ زرعی اراضی، کھڑی فصلیں، خصوصاً کھجوروں کے باغات اور مویشیوں کو شدید نقصان پہنچا۔ تعلقہ فیض گنج، خیرپور اور میرواہ میں سب سے زیادہ بارش ریکارڈ کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ متاثرین کی امداد کے لیے اس وقت ضلع بھر میں 269 ریلیف کیمپ قائم کیے جا سکتے ہیں جبکہ 2022 کے سیلاب کے دوران انہی کیمپوں میں 73,294 متاثرہ افراد کو رہائش اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کی گئی تھیں۔