5اگست احتجاج میں بھرپور شرکت پر عوام کے مشکور ہیں، حلیم عادل شیخ
کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) پی ٹی آئی سندھ کے صدر حلیم عادل شیخ نے اپنے پیغام میں کہا کہ 5 اگست یومِ سیاہ کے احتجاج میں بھرپور شرکت پر عوام اور کارکنان کا شکریہ، پورے پاکستان، بالخصوص سندھ میں عوام کی بھرپور شرکت عمران خان سے عوامی وابستگی کا ثبوت ہے، عمران خان عوام کے دلوں میں بستے ہیں، انہیں عوام سے جدا نہیں کیا جا سکتا،انہوں نے کہا کہ فیصلہ ساز عوام کے واضح پیغام کو سنیں اور عمران خان کو فوری رہا کریں، پی ٹی آئی سندھ کے تمام عہدیداروں، کارکنان اور مختلف ونگز کو خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں، یو سی، ٹاؤن، ضلع، ڈویژن اور صوبائی تنظیموں نے توقعات سے بڑھ کر احتجاج منظم کیا، سندھ کے چھوٹے شہروں تک کارکنان نے بھرپور انداز میں احتجاج ریکارڈ کرایا، یوتھ، طلباء ، خواتین، کسان، اقلیتی، لیبر، تاجر اور وکلا ونگ کی خدمات قابل ستائش ہیں، کارکنان کی قربانیاں اور ثابت قدمی پی ٹی آئی کی اصل طاقت ہیں، سندھ کے کارکنان نے مشکل ترین حالات میں بھی پارٹی کا پرچم بلند رکھا، پی ٹی آئی کی جدوجہد عمران خان کی رہائی تک جاری رہے گی، تحریک کو مزید منظم اور مضبوط بنایا جائے گا، عمران خان کی آزادی تک خاموش نہیں بیٹھیں گے۔