او یو پی پاکستان اور دی سٹی اسکول کا ملک گیر شاعری کے مقابلے کا آغاز
کراچی(کامرس رپورٹر) آکسفورڈ یونیورسٹی پریس پاکستان (او یو پی پی) اور دی سٹی اسکول نیٹ ورک نے مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) پر دستخط کیے ہیں، جس کے تحت ملک بھر میں دی سٹی اسکول کے 150 کیمپسزمیں گریڈ 1 تا گریڈ 8 کے طلبہ کے درمیان شاعری مقابلہ ’’دی سٹی ورس‘‘ کرایا جائے گا۔آکسفورڈ انٹرنیشنل پرائمری اینڈ سیکنڈری انگلش سیریز سے متاثر ’’دی سٹی ورس‘‘ ایک منفرد تعلیمی اقدام ہے،جس کا مقصد طلبہ کی تعلیمی سرگرمیوں کو کلاس روم تک محدود رکھنے کے بجائے انہیں اپنی لسانی مہارتوں اور تخلیقی اظہار کو اصل شاعری کی تخلیق کے ذریعے عملی جامہ پہنانے کا موقع فراہم کرنا ہے۔ یہ منصوبہ پروجیکٹ پر مبنی تعلیمی فریم ورک کے گرد ڈیزائن کیا گیا ہے جو طلبہ میں تخلیقی سوچ، موثر اظہار خیال اور سیکھنے کی حوصلہ افزائی کرے گا۔ اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے دی سٹی اسکول نیٹ ورک کی ہیڈ آف ارلی ایئرز ریسورس سینٹر، فریحہ عثمان نے کہا کہ ’’دی سٹی ورس‘‘ کلاس روم سے باہر تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھانے کے لیے دی سٹی اسکول کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔