پڈعیدن: ظالمانہ پیٹرلیم لیوی کے خاتمے کیلیے جماعت اسلامی کا دھرنا
پڈعیدن (نمائندہ جسارت) پیٹرولیم مصنوعات، لیوی ٹیکس اور مہنگائی کے خلاف جماعت اسلامی کی احتجاجی ریلی، بائی پاس پر دھرناامیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمٰن کی ملک گیر احتجاجی کال پر ضلع نوشہروفیروز میں بھی جماعت اسلامی کے زیرِ اہتمام پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں، لیوی ٹیکس اور بڑھتی ہوئی مہنگائی کے خلاف احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ریلی کا آغاز اللہ والے چوک سے ہوا، جس کی قیادت امیر جماعت اسلامی ضلع نوشہروفیروز نعیم کمبوہ ایڈووکیٹ کر رہے تھے۔ ریلی میں جماعت اسلامی کے رہنماؤں، کارکنوں، تاجروں، نوجوانوں اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکاء نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جن پر مہنگائی، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے اور لیوی ٹیکس کے خلاف نعرے درج تھے۔ریلی شہر کے مختلف مقررہ راستوں سے گزرتی ہوئی نوشہروفیروز بائی پاس پہنچی، جہاں شرکاء نے احتجاجی دھرنا دیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے نعیم کمبوہ ایڈووکیٹ نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ، لیوی ٹیکس اور روزمرہ اشیائے ضروریہ کی بڑھتی ہوئی قیمتوں نے عوام کی زندگی اجیرن بنا دی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں اور لیوی ٹیکس میں کمی کرے۔