وزیراعلیٰ کی میلاد النبی ؐپر فول پروف سیکورٹی یقینی بنانے کی ہدایت
کراچی (جسارت نیوز) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے ہفتہ کو مختلف مکاتب فکر کے ممتاز علما اور اعلی سرکاری افسران کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے 12 ربیع الاول کے انتظامات کا جائزہ لیا اور تمام متعلقہ محکموں کو صوبے بھر میں فول پروف سیکورٹی، شہری سہولیات کی بلا تعطل فراہمی، صفائی ستھرائی اور میلاد جلوسوں و مذہبی اجتماعات کے پرامن انعقاد کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔اجلاس میں سینئر وزیر اطلاعات شرجیل انعام میمن، وزیر بلدیات ناصر شاہ، وزیر داخلہ ضیا الحسن لنجار، وزیر مذہبی امور ریاض شاہ شیرازی، میئر کراچی بیرسٹر مرتضی وہاب، چیف سیکرٹری آصف حیدر شاہ، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ آغا واصف عباس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اقبال میمن، سیکرٹری بلدیات وسیم شمشاد، انسپکٹر جنرل پولیس جاوید عالم اوڈھو، کمشنر کراچی سید حسن نقوی، ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، چیف ایگزیکٹو آفیسر واٹر کارپوریشن احمد علی صدیقی، منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ فواد غفار سومرو، کے الیکٹرک اور ایس ایس جی سی کے نمائندگان کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور ڈی آئی جیز نے بذریعہ وڈیو لنک شرکت کی۔مختلف مکاتب فکر کی نمائندگی کرنے والے ممتاز علما، جن میں حاجی حنیف طیب، مفتی رزاق یعقوب عطاری، علامہ شاہ عبد الحق قادری، مفتی نظیر جان نعیمی، حاجی رفیق پردیسی، مولانا محمد اکبر درس، علامہ لیاقت حسین الازہری، مولانا قاضی احمد نورانی، علامہ ڈاکٹر جمیل راٹھور، علامہ مظفر حسین شاہ، صاحبزادہ ریحان امجدی نعمانی، ثروت اعجاز قادری، مفتی محمد قاسم، شاہد غوری، عاطف حنیف بِلو، علامہ شاہ اویس نورانی، مولانا کوکب نورانی اوکاڑوی، علامہ اشرف گورمانی، مفتی عابد مبارک، مولانا سید اظہر علی شاہ ہمدانی اور دیگر شامل تھے، نے بھی اجلاس میں شرکت کی اور میلاد النبیؐکے موقع پر سیکورٹی، شہری سہولیات، صفائی ستھرائی، ٹریفک مینجمنٹ اور عوامی سہولت سے متعلق اپنی تجاویز پیش کیں۔وزیراعلی سندھ نے علما کرام کی آرا اور تجاویز تفصیل سے سنیں اور تمام متعلقہ محکموں کو ان کے تحفظات ترجیحی بنیادوں پر دور کرنے کی ہدایت کی۔