سابق برطانوی وزیر کے قتل کی تفتیش میں چوری کا مقدمہ کھل گیا
لندن (انٹرنیشنل ڈیسک) برطانیہ میں 78 سالہ سابق وزیر این وڈیکمب کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں چوری کی ایک کوشش کا مقدمہ دوبارہ کھول دیا گیا ۔ انسدادِ دہشت گردی پولیس نے بتایا کہ گزشتہ سال لندن میں چوری کی ایک کوشش کی اطلاع رپورٹ ہوئی تھی، جس کی تحقیقات دوبارہ شروع کر دی گئی ہے۔ یہ تحقیقات سابق حکومتی وزیر این وڈیکمب کے قتل کے سلسلے میں کی جا رہی ہے۔ میٹروپولیٹن پولیس کو اپریل 2025 ء میں گریٹر لندن کے علاقے میں واقع ایک پتے پر چوری کی کوشش کی اطلاع موصول ہوئی تھی۔ میٹروپولیٹن پولیس نے لندن کی انسدادِ دہشت گردی پولیس کی معاونت سے تحقیقات کی لیکن کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی اور بعد ازاں یہ تحقیقات بند کر دی گئی ۔انسدادِ دہشت گردی پولیس کی سینئر قومی رابطہ کار وِکی ایونز نے کہاکہ چوری کی کوشش کے اس کیس کی ازسرنو تحقیقات میں پولیس کو ایک ایسا پہلو ملا ہے جو پہلے سامنے نہیں آیا تھا، نہ ہی اس پر کام کیا گیا تھا۔ پولیس نے اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی ہیں کہ دونوں مقدمات کے درمیان ممکنہ طور پر کیا تعلق ہو سکتا ہے۔ 78 سالہ وڈیکمب 9 جولائی کو اپنے گھر میں مردہ پائی گئی تھیں۔