چھوٹے صوبے اور نئے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت ہیں،جام کمال

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے بھی نئے انتظامی یونٹس اور چھوٹے صوبوں کے قیام کے حمایت کردی۔ جام کمال خان نے اپنے ویڈیو میسج میں کہا کہ چھوٹے صوبے اور نئے انتظامی یونٹس وقت کی ضرورت ہیں۔ چھوٹے صوبوں کا مقصد اختیارات اور وسائل کو عوام کے مزید قریب لانا ہونا چاہیے۔ نئے انتظامی یونٹس سے گورننس اور عوامی خدمات کی فراہمی زیادہ مؤثر ہو سکتی ہے۔انتظامی یونٹس کو چھوٹا کرنے سے مالی اور انتظامی اختیارات نچلی سطح تک منتقل ہوں گے۔ وفاق نے اٹھارویں ترمیم کے بعد صوبوں کو اختیارات منتقل کیے۔ وفاق سے صوبوں تک اختیارات گئے لیکن صوبوں سے اضلاع تک اسی انداز میں منتقل نہیں ہوئے۔ اٹھارویں ترمیم کا مقصد اختیارات اور وسائل عام آدمی کی دہلیز تک پہنچانا تھا۔جام کمال خان نے کہا کہ صوبوں کے اندر اضلاع کو وسائل کی تقسیم کے لیے بھی واضح اور منصفانہ فارمولا ہونا چاہیے۔ قومی مالیاتی کمیشن ایوارڈ کی طرز پر اضلاع میں وسائل کی تقسیم کا طریقہ کار بنایا جائے۔ ایک ضلع کو دو ارب اور دوسرے کو بیس ارب ملیں گے تو ترقی میں فرق لازمی پیدا ہوگا۔ وسائل کی غیر مساوی تقسیم سے عوام میں محرومی، بے چینی اور عدم اعتماد پیدا ہوتا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *