کشمیر کے عوام کے ووٹ کا احترام کرنا ہو گا،بلاول زراری
مظفر آباد(مانیٹرنگ ڈ یسک) چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی) بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کشمیر کے عوام کے ووٹ کا احترام کرنا ہو گا۔ ہم صبر کر رہے ہیں اور ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی نے ہمیشہ قومی مفاد کو مقدم رکھا ہے۔ ہم حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں تاکہ ملکی مسائل کا مقابلہ کیا جاسکے، پاکستان اور عوام کا مفاد ہمارے لیے سب سے اہم ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم صبر کر رہے ہیں اور ہمارے صبر کا امتحان نہ لیا جائے۔ کوئی لڑائی چاہتا ہے تو لڑائی چھیڑ لے لیکن پیپلز پارٹی کے پاس تمام جمہوری اور آئینی آپشنز موجود ہیں اور ہم احتجاج کرنا بھی جانتے ہیں۔بلاول زرداری نے کہا کہ 10 اگست کو کشمیری عوام پیپلز پارٹی کو ووٹ دینے کے ساتھ اپنے ووٹ کا تحفظ بھی کریں گے۔ کسی کو عوام کے ووٹ پر ڈاکہ ڈالنے یا مینڈیٹ پامال کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔انہوں نے واضح کیا کہ کشمیر کے عوام کے ووٹ سے ناانصافی ہوئی تو وہ خود ان کے ساتھ کھڑے ہوں گے اور کشمیری عوام کے حق کے لیے احتجاج بھی کریں گے۔ طاقت کا اصل سرچشمہ عوام ہیں، کشمیر کا فیصلہ کشمیری عوام ہی کریں گے۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ منصفانہ انتخابات ہونے دیے جائیں اور جس کا ووٹ نکلے، اسی کی حکومت بننے دی جائے، یہی جمہوریت کا اصول اور کشمیری عوام کا حق ہے۔