زرداری کی سنگاپور کے قومی دن پر صدر تھرمن گرتنم ‘عوام کو مبارکباد

اسلام آباد (صباح نیوز) صدر آصف علی زرداری نے سنگاپور کے 61 ویں قومی دن کے موقع پر سنگاپور کے صدر تھرمن شنموگرتنم، وہاں کی حکومت اور عوام کو دلکش مبارکباد پیش کی ہے۔ صدر زرداری نے ایک خط میں تحریر کیا کہ پاکستان بصیرت افروز قیادت، دانشمندانہ حکمرانی اور عوام کے عزمِ مصمم کے نتیجے میں حاصل ہونے والی سنگاپور کی شاندار قومی تعمیر اور معاشی تبدیلی کو انتہائی قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سنگاپور کی کامیابی جدت، پیشرفت اور مستقل مزاجی کی ایک قابل تقلید مثال ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یہ سال پاکستان اور سنگاپور کے لیے خاص اہمیت کا حامل ہے کیونکہ دونوں ممالک اپنے سفارتی تعلقات کے قیام کی 60 ویں سالگرہ منا رہے ہیں، گزشتہ 6دہائیوں کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوستی باہمی اعتماد، خیر سگالی اور عوامی روابط کی بنیاد پر مزید مضبوط ہوئی ہے۔ صدر مملکت نے نشاندہی کی کہ دونوں ممالک کے درمیان ڈیجیٹل اکانومی، گرین ٹیکنالوجی، بحری و لاجسٹکس رابطوں، اربن پلاننگ، ووکیشنل ٹریننگ، تعلیمی و ثقافتی تبادلوں اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے اعادہ کیا کہ پاکستان دونوں ممالک اور ان کے عوام کے فائدے کے لیے باہمی دلچسپی کے تمام شعبوں میں سنگاپور کے ساتھ مل کر کام کرنے کا خواہاں ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *