777 وکلا کے لائسنس معطل، پنجاب بار کونسل کا بڑا اقدام
لاہور: 777 وکلا کے لائسنس معطل کر دیے گئے ہیں۔ پنجاب بار کونسل نے لا گیٹ ٹیسٹ پاس نہ کرنے والے وکلا کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ان کے وکالت کے لائسنس معطل کرنے کا اعلان کر دیا۔
پنجاب بار کونسل کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کورونا وبا کے دوران لاہور ہائی کورٹ کے احکامات کی روشنی میں تقریباً 3 ہزار 400 وکلا کو لا گیٹ ٹیسٹ کے بغیر عارضی طور پر لائسنس جاری کیے گئے تھے تاکہ عدالتی امور متاثر نہ ہوں۔
بعد ازاں پنجاب بار کونسل نے 2022 اور 2023 کے دوران ان تمام وکلا کو لازمی طور پر لا گیٹ ٹیسٹ پاس کرنے کی ہدایت جاری کی۔ متعدد وکلا نے مقررہ مدت کے اندر امتحان کامیابی سے پاس کر کے اپنا رزلٹ کارڈ جمع کرا دیا، تاہم 777 وکلا تاحال مطلوبہ ٹیسٹ پاس نہیں کر سکے۔
بار کونسل کے مطابق ان وکلا کے لائسنس فوری طور پر معطل کر دیے گئے ہیں اور جب تک وہ لا گیٹ ٹیسٹ کامیابی سے پاس نہیں کرتے، انہیں وکالت کرنے کی اجازت نہیں ہوگی۔
بیان میں مزید کہا گیا کہ جن وکلا کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں، ان کا مکمل ریکارڈ پنجاب بھر کے تمام سیشن ججوں، متعلقہ عدالتی حکام اور بار ایسوسی ایشنز کو بھی بھجوایا جا رہا ہے تاکہ فیصلے پر مؤثر انداز میں عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے۔
پنجاب بار کونسل کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا مقصد قانونی پیشے میں پیشہ ورانہ معیار کو برقرار رکھنا، اہل وکلا کی حوصلہ افزائی کرنا اور عوام کو بہتر قانونی خدمات کی فراہمی یقینی بنانا ہے۔