ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، 12 ربیع الاول 26 اگست کو ہوگی
اسلام آباد: مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے اعلان کیا ہے کہ ربیع الاول 1448 ہجری کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے بعد یکم ربیع الاول 15 اگست 2026 کو ہوگی، جبکہ 12 ربیع الاول 26 اگست 2026 بروز بدھ کو منائی جائے گی۔
وفاقی وزارت مذہبی امور کی جانب سے ربیع الاول کے چاند کے حوالے سے باضابطہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ ملک کے کسی بھی علاقے سے ربیع الاول کا چاند نظر آنے کی معتبر شہادت موصول نہیں ہوئی، لہٰذا یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی۔
ربیع الاول کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد کی سربراہی میں اجلاس اسلام آباد میں ہوا، کمیٹی کے ارکان کو وفاقی وزارت مذہبی امور کی عمارت کی چھت پر جانے کی اجازت نہیں دی گئی۔
رپورٹس کے مطابق مرکزی رویت ہلال کمیٹی کو کوہسار کمپلیکس کی چھت پر جانے سے روک دیا گیا، جس کے بعد کمیٹی کے ارکان اور ماہرین فلکیات نے چاند دیکھنے کے لیے دوربین کمپلیکس کی پارکنگ میں نصب کرلی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے ارکان اور ماہرین فلکیات نے مقررہ وقت پر نئے اسلامی مہینے کا چاند دیکھنے کی کوشش کی۔ اس دوران ملک کے مختلف حصوں سے بھی چاند نظر آنے سے متعلق شہادتوں کا انتظار کیا گیا۔
چاند کی رویت کے حوالے سے قبل ازیں ماہرین کی جانب سے امکان ظاہر کیا گیا تھا کہ مغربی افق پر بادلوں کی موجودگی کے باعث ربیع الاول کا چاند نظر آنے میں مشکلات پیش آسکتی ہیں۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چیئرمین مولانا عبدالخبیر آزاد اور دیگر ارکان نے ماہرین فلکیات کے ہمراہ دوربینوں کی مدد سے چاند دیکھنے کی کوشش کی، مقررہ وقت تک چاند کی رویت کی کوئی معتبر شہادت سامنے نہیں آسکی۔
مرکزی رویت ہلال کمیٹی نے حتمی اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ربیع الاول کا چاند نظر نہیں آیا، جس کے مطابق یکم ربیع الاول 15 اگست کو ہوگی۔
وزارت مذہبی امور کے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق 12 ربیع الاول بدھ 26 اگست 2026 کو ہوگی۔ اس طرح ملک بھر میں عید میلاد النبی ﷺ کی تقریبات اور دیگر پروگرام 26 اگست کو منعقد کیے جائیں گے۔ربیع الاول اسلامی کیلنڈر کا اہم مہینہ ہے، جس میں مسلمان حضور نبی کریم ﷺ کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے مختلف مذہبی و روحانی اجتماعات، محافل اور دیگر پروگرام منعقد کرتے ہیں۔