ایران کا امریکی
|

ایران کا امریکی و اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ 2 افراد ہلاک کرنے کا دعویٰ

تہران: ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ سیکیورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران امریکی اور اسرائیلی انٹیلی جنس سے وابستہ 2 افراد کو ہلاک جبکہ 4 افراد کو گرفتار کرلیا۔

ایرانی سرکاری نشریاتی ادارے آئی آر آئی بی کے مطابق وزارتِ انٹیلی جنس نے بتایا کہ سیکیورٹی کارروائی کے دوران دو الگ آپریشنل سیلز کو نشانہ بنایا گیا، جن پر ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے، حساس تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کا الزام تھا۔

ایرانی حکام کے مطابق کارروائی میں 2 افراد مارے گئے جبکہ 4 مشتبہ افراد کو ملک میں داخل ہونے کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا، ہلاک ہونے والے دونوں افراد امریکا اور اسرائیل کی انٹیلی جنس سے وابستہ تھے۔

ایرانی سیکیورٹی اداروں نے صوبہ سیستان و بلوچستان میں ایک مسلح گروہ سے منسلک دو آپریشنل سیلز کو نشانہ بنانے اور انہیں تباہ کرنے کا دعویٰ بھی کیا ہے۔

حکام کے مطابق گرفتار افراد صوبے میں تخریبی کارروائیاں کرنے اور اہم بنیادی ڈھانچے کو نقصان پہنچانے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے، ایرانی حکومت نے ہلاک اور گرفتار افراد کی شناخت، قومیت اور ان سے منسوب مبینہ کارروائیوں کی مزید تفصیلات فوری طور پر جاری نہیں کیں۔

ایران کا جنوب مشرقی صوبہ سیستان و بلوچستان طویل عرصے سے مسلح گروہوں کی سرگرمیوں اور سیکیورٹی فورسز کی کارروائیوں کا مرکز رہا ہے۔ ایرانی حکام ماضی میں بھی اس علاقے میں مسلح گروہوں کے خلاف آپریشنز کے دوران ہلاکتوں اور گرفتاریوں کے اعلانات کرتے رہے ہیں۔

ایرانی حکام ان کارروائیوں کو دہشت گردی، تخریبی سرگرمیوں اور ملک میں عدم استحکام پیدا کرنے کی کوششوں کی روک تھام قرار دیتے ہیں، جون 2026 میں بھی ایرانی حکام نے اسی خطے میں ایک سیکیورٹی کارروائی کے دوران 5 مسلح افراد کو ہلاک اور 19 کو گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔

حالیہ کارروائی کے حوالے سے ایرانی حکام نے الزام عائد کیا ہے کہ گرفتار اور ہلاک ہونے والے افراد حساس تنصیبات اور بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنانے کی منصوبہ بندی سے وابستہ تھے، ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے فوری طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

ایرانی وزارتِ انٹیلی جنس کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے میں مشتبہ عناصر کے خلاف کارروائیاں اور سرچ آپریشن جاری ہیں۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *