ائیرانڈیا کے پائلٹ کا چرس پی کر جہاز اڑانے کا انکشاف، ڈوپ ٹیسٹ نے بھانڈا پھوڑ دیا
نئی دہلی: فوکٹ سے دہلی آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز کے کپتان کے دوسرے ڈوپ ٹیسٹ میں بھی چرس کے استعمال کی تصدیق ہوگئی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق تھائی لینڈ کے سیاحتی جزیرے فوکٹ سے نئی دہلی آنے والی ائیر انڈیا کی پرواز AI-2379 کے کپتان کا دوسرا ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق 4 اگست کو پرواز میں 137 مسافر اور عملے کے 8 ارکان سوار تھے کہ دورانِ پرواز طیارے کی بلندی اچانک 300 فٹ کم ہوگئی۔ واقعے کے نتیجے میں کم از کم 20 مسافر اور عملے کے 4 ارکان زخمی ہوئے۔
ذرائع کے مطابق طیارے کی بلندی میں اچانک کمی کے وقت کپتان اپنی نشست پر موجود نہیں تھے اور پرواز کا کنٹرول فرسٹ آفیسر سنبھالے ہوئے تھا۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ پرواز کی نئی دہلی میں لینڈنگ کے بعد ہونے والی اسکریننگ کے دوران کپتان کے جسم میں نشہ آور مواد کی موجودگی سامنے آئی تھی، جس کے بعد ان کا دوسرا ڈوپ ٹیسٹ بھی مثبت قرار پایا۔