|

ورلڈ سرفنگ چیمپئن شپ میں کتوں کی مہارت نے حاضرین کو حیران کردیا

امریکا میں منعقد ہونے والی سالانہ ورلڈ ڈاگ سرفنگ چیمپئن شپ میں مختلف نسلوں کے کتوں نے سرفنگ کا شاندار مظاہرہ کیا۔

خبر رساں اداروں کے مطابق شمالی کیلیفورنیا کے ساحل پر ہونے والے اس منفرد ایونٹ نے سیکڑوں تماشائیوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر لی۔

مقابلے میں چھوٹے اسپینیلز سے لے کر طاقتور لیبراڈور کتوں تک نے حصہ لیا۔ ججز نے ہر کتے کی کارکردگی اس بنیاد پر جانچی کہ وہ کتنی دیر تک سرف بورڈ پر متوازن رہا اور لہروں کا سامنا کیسے کیا۔

یہ ایونٹ اپنی دسویں سالگرہ کے موقع پر سان فرانسسکو سے تقریباً 22 کلومیٹر جنوب میں واقع پیسیفیکا کے ساحل پر منعقد ہوا۔ اس دوران پالتو جانوروں کو گود لینے کی مہم اور فلاحی اداروں کے لیے فنڈ ریزنگ بھی کی گئی۔

رنگ برنگی لائف جیکٹس پہنے کتوں کو ان کے مالکان سرف بورڈ پر سمندر کی لہروں تک لے گئے۔ بعد ازاں یہ کتے مہارت کے ساتھ ساحل کی جانب واپس آئے تو حاضرین نے خوب تالیاں بجائیں۔

ہنٹنگٹن بیچ سے تعلق رکھنے والی صوفیہ سیڈلووسکی نے بتایا کہ انہوں نے اپنے منی ایچر پنشر کتے ’رسٹی‘ کو ابتدا میں صرف تصاویر کے لیے سرف بورڈ پر کھڑا کیا تھا، تاہم رسٹی نے بورڈ چھوڑنے سے انکار کر دیا۔

صوفیہ نے مزید کہا کہ پہلی بار جب انہوں نے رسٹی کو ایک لہر پر روانہ کیا تو اس نے کامیابی سے سرفنگ مکمل کر کے سب کو حیران کر دیا۔ یوں یہ شوق بعد میں ایک دلچسپ اور یادگار تجربے میں تبدیل ہوگیا۔

ہر کامیاب سرفنگ کے ساتھ ساحل پر موجود شائقین کا جوش مزید بڑھتا گیا۔ منفرد مقابلے نے نہ صرف تفریح فراہم کی بلکہ انسانوں اور ان کے پالتو جانوروں کے مضبوط تعلق کو بھی اجاگر کیا۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *