کولمبیا میں 74
| |

کولمبیا میں 7.4 شدت کا قیامت خیز زلزلہ، ہلاکتیں 132  سے متجاوز، سیکڑوں زخمی

بوگوٹا: کولمبیا میں 7.4 شدت کے طاقتور زلزلے نے بڑے پیمانے پر تباہی مچا دی ہے۔ حکام کے مطابق ہلاکتوں کی تعداد 132 سے تجاوز کر گئی ہے جبکہ 570 سے زائد افراد زخمی ہیں اور مزید جانی نقصان کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

کولمبیا کی ایسوسی ایشن آف کیپیٹل سٹیز کے مطابق یہ زلزلہ گزشتہ ایک دہائی میں ملک میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ ہے۔ امدادی ٹیمیں ملبے میں پھنسے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، اس لیے ہلاکتیں بڑھنے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔

زلزلے کا مرکز مغربی کولمبیا کے سان خوسے ڈیل پالمار میں بتایا گیا ہے۔ یہ علاقہ دارالحکومت بوگوٹا سے تقریباً 150 میل مغرب میں واقع ہے اور نسبتاً کم ترقی یافتہ سمجھا جاتا ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے نتیجے میں کئی عمارتیں منہدم ہوگئیں۔ متاثرہ عمارتوں میں ایک اسپتال کے بچوں اور نومولود بچوں کے شعبے بھی شامل ہیں، جس کے باعث امدادی سرگرمیاں تیزی کے ساتھ جاری ہیں۔

دوسری جانب ریسکیو کارکن مسلسل ملبہ ہٹانے میں مصروف ہیں۔ فوجی اہلکاروں کو بھی امدادی کارروائیوں میں شامل کرلیا گیا ہے تاکہ متاثرہ علاقوں میں تلاش، بچاؤ اور ہنگامی اقدامات تیز کیے جاسکیں۔

واضح رہے کہ کولمبیا کی حکومت نے زلزلے کے بعد ملک میں قومی آفت کا اعلان کردیا ہے۔ متاثرہ علاقوں میں زخمیوں کو طبی امداد دینے کے ساتھ بے گھر افراد کے لیے ضروری انتظامات بھی کیے جارہے ہیں۔

گزشتہ روز آنے والے زلزلے کے جھٹکے دارالحکومت بوگوٹا میں بھی محسوس ہوئے۔ خوف کے باعث شہری بڑی تعداد میں عمارتوں سے باہر نکل آئے جبکہ مختلف مقامات پر الارم بجنے کے بعد لوگوں نے محفوظ جگہوں کا رخ کیا۔

دریں اثنا حکام نے شہریوں کو محتاط رہنے کی ہدایت کی ہے۔ آفٹر شاکس کے امکان کے باعث ریسکیو ٹیمیں الرٹ ہیں اور متاثرہ عمارتوں میں داخلے سے گریز کرنے کا کہا گیا ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *