پاکستان ہاکی کے
|

پاکستان ہاکی کے لیے بڑی خبر، قومی ٹیموں کے متعدد بین الاقوامی مقابلوں کا شیڈول طے

اسلام آباد: پاکستان ہاکی کے شائقین اور کھلاڑیوں کے لیے خوش آئند خبر سامنے آئی ہے، پاکستان ہاکی فیڈریشن نے ملک میں ہاکی کے فروغ، کھلاڑیوں کو بین الاقوامی تجربہ فراہم کرنے اور مستقبل کے بڑے مقابلوں کی تیاری کے لیے انڈر 18، انڈر 21، سینیئر، ویمنز اور انڈر 18 گرلز ٹیموں کے لیے متعدد بین الاقوامی ٹورنامنٹس اور دو طرفہ سیریز کا شیڈول طے کر لیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ورلڈ کپ اور ایشین گیمز سمیت اہم عالمی اور براعظمی مقابلوں کی تیاری کے ساتھ پاکستان کی سینیئر ہاکی ٹیم کے لیے مزید 2 بین الاقوامی مواقع بھی حاصل کر لیے گئے ہیں، جن کے ذریعے قومی کھلاڑیوں کو غیر ملکی ٹیموں کے خلاف کھیلنے اور اپنی کارکردگی بہتر بنانے کا موقع ملے گا۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق قومی سینیئر ہاکی ٹیم کوریا کا دورہ کرے گی، جہاں وہ میزبان ٹیم کے خلاف 4 بین الاقوامی میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی۔ اس سیریز کو قومی ٹیم کی تیاری کے حوالے سے اہم قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ کوریا کے خلاف میچز میں کھلاڑیوں کو ایک مضبوط بین الاقوامی حریف کے سامنے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کا موقع ملے گا۔

اس کے علاوہ روسی ہاکی فیڈریشن نے پاکستان وائٹس ٹیم کو بھی 26 اگست سے 2 ستمبر تک دو طرفہ سیریز کھیلنے کی دعوت دی ہے،سیریز کے دوران پاکستان وائٹس اور روسی ٹیم کے درمیان 3 سے 4 میچز کھیلے جائیں گے۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے مطابق اگر سینیئر ٹیم اس دورے کے لیے دستیاب نہ ہوئی تو پاکستان وائٹس ٹیم سینیئر کیمپ میں شامل کھلاڑیوں کے علاوہ جونیئر کیمپ کے ابھرتے ہوئے باصلاحیت کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگی۔ اس اقدام سے نوجوان کھلاڑیوں کو بھی بین الاقوامی سطح پر اپنی صلاحیتیں منوانے اور اعلیٰ معیار کی ٹیموں کے خلاف کھیلنے کا قیمتی تجربہ حاصل ہوگا۔

پی ایچ ایف کے مطابق روس کے خلاف سیریز پاکستانی کھلاڑیوں کو ضروری بین الاقوامی ایکسپوژر، مسابقتی تجربہ اور مستقبل کے بڑے ایونٹس کے لیے تیاری کا اہم موقع فراہم کرے گی، مسلسل بین الاقوامی مقابلوں میں شرکت سے کھلاڑیوں کی تکنیکی اور جسمانی صلاحیتوں میں بہتری کے ساتھ ساتھ دباؤ میں کارکردگی دکھانے کی صلاحیت بھی بہتر ہوگی۔

پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ترجمان نے کہا کہ فیڈریشن اس بات کے لیے پرعزم ہے کہ مرد و خواتین، سینیئر اور جونیئر تمام سطحوں کے کھلاڑیوں کو باقاعدگی سے بین الاقوامی سطح پر کھیلنے کے مواقع فراہم کیے جائیں،قومی ٹیموں کے لیے زیادہ سے زیادہ بین الاقوامی مقابلوں کا حصول پاکستان ہاکی کی ترقی اور نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانے کی حکمت عملی کا اہم حصہ ہے۔

ترجمان نے کہا کہ ان اقدامات سے نوجوان کھلاڑیوں کو عالمی معیار کی ہاکی کا تجربہ حاصل ہوگا جبکہ سینیئر کھلاڑی بھی بڑے بین الاقوامی مقابلوں سے قبل اپنی تیاریوں کو حتمی شکل دے سکیں گے،پاکستان ہاکی میں مسلسل بین الاقوامی سرگرمیوں کا یہ سلسلہ کھیل کی بحالی، ترقی اور مستقبل کے لیے نئے مواقع پیدا کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *