سیاسی اختلافات کو
|

سیاسی اختلافات کو دشمنی کا رنگ نہیں دینا چاہیے، ن لیگ نے ہمیشہ مخالفین سے اچھا سلوک کیا: نواز شریف

مری: مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفت کو ذاتی دشمنی میں تبدیل نہیں کرنا چاہیے، مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اپنے سیاسی مخالفین کے ساتھ اچھا برتاؤ کیا ہے، جبکہ آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود اور علاقے کی ترقی کو اولین ترجیح دی جانی چاہیے۔

مری میں مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو مبارک باد دی اور کہا کہ آزاد کشمیر کو زیادہ سے زیادہ ترقیاتی فنڈز فراہم کیے جانے چاہئیں تاکہ علاقے میں بنیادی سہولتوں کی بہتری ممکن ہوسکے۔

 

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے کئی اچھے امیدوار انتخابات میں کامیاب نہ ہوسکے، اس لیے ان کی شکست کی وجوہات کا بھی جائزہ لینا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ انتخابی نتائج سے سبق حاصل کرکے آئندہ کے لیے اپنی حکمت عملی بہتر بنانا ضروری ہے۔

 

نواز شریف نے کہا کہ انتخابات کے 2 مرحلوں میں مسلم لیگ (ن) کو کامیابی حاصل ہوئی ہے اور عوام نے ایک مرتبہ پھر جماعت پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ اب اس اعتماد کو عملی کارکردگی سے برقرار رکھنا ہوگا، کیونکہ اگر مسلم لیگ (ن) عوامی توقعات کے مطابق کام نہ کرسکی تو لوگ ناراض ہوں گے۔

 

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے آزاد کشمیر میں ترقیاتی منصوبوں کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ علاقے میں بہتر سڑکیں اور اسپتال تعمیر ہونے چاہئیں۔ ان کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر کا بچہ بھی جدید سہولتوں سے فائدہ اٹھانا چاہتا ہے اور اس کی خواہش ہے کہ اس کے ہاتھ میں بھی لیپ ٹاپ ہو۔

 

انہوں نے کہا کہ ملک ترقی کی جانب بڑھ رہا ہے اور وزیراعظم شہباز شریف کی محنت کے نتائج سامنے آرہے ہیں۔ جس طرح پنجاب میں تبدیلی اور ترقی کا عمل جاری ہے، اسی طرح آزاد کشمیر میں بھی عوام کو بہتر سہولتیں فراہم کرکے علاقے کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنا چاہیے۔

 

نواز شریف کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کو ملنے والے عوامی اعتماد کو ٹھیس پہنچانے کی اب کوئی گنجائش نہیں، حکومت اور منتخب نمائندوں کو عوامی مسائل کے حل پر بھرپور توجہ دینا ہوگی۔

 

انہوں نے آزاد کشمیر میں اتحادی جماعتوں کے معاملات کا بھی ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہیں توقع نہیں تھی کہ پیپلز پارٹی کی جانب سے شکایت کا کوئی موقع سامنے آئے گا، کیونکہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کا وزیراعظم بھی موجود تھا۔

 

مسلم لیگ (ن) کے صدر نے کہا کہ کچھ شکایات ان تک پہنچی ہیں جن پر انہیں افسوس ہوا۔ ماضی میں آزاد کشمیر کی حکومت عوام کی امنگوں اور توقعات پر مکمل طور پر پورا نہیں اتر سکی، تاہم اب ضرورت اس امر کی ہے کہ عوامی فلاح و بہبود کو ہر سیاسی ترجیح پر مقدم رکھا جائے۔

 

نواز شریف نے واضح کیا کہ سیاسی اختلاف جمہوری عمل کا حصہ ہے، اسے باہمی دشمنی میں تبدیل کرنے کے بجائے سیاسی رواداری اور بہتر طرز عمل کو فروغ دینا چاہیے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *