سری لنکا میں
|

سری لنکا میں پانی کے تنازع پر جھگڑا، 62 سالہ کرکٹ کوچ زندگی کی بازی ہار گئے

کولمبو: سری لنکا کے دارالحکومت کولمبو میں کرکٹ تربیتی سیشن کے دوران پیش آنے والے افسوسناک واقعے میں 62 سالہ سابق کوچ سمیتھ فرنینڈو جاں بحق ہوگئے، پولیس نے واقعے میں مبینہ طور پر ملوث 17 سالہ اسکول کرکٹر کو گرفتار کرلیا ہے۔

پولیس کے مطابق واقعہ 8 اگست کو کرکٹ تربیت کے دوران پیش آیا، جہاں پانی کے حصول کے معاملے پر کھلاڑیوں اور کلب کے ایک ملازم کے درمیان تلخ کلامی نے بعدازاں تصادم کی صورت اختیار کرلی۔

 

ابتدائی تحقیقات کے مطابق تربیتی سیشن کے دوران کھلاڑی پانی پینے کے لیے گراؤنڈ میں نصب نلکے کے پاس گئے، تاہم وہاں پانی دستیاب نہ ہونے پر ایک کھلاڑی کی کلب کے ملازم سے بحث ہوگئی۔ صورتحال اس وقت مزید کشیدہ ہوگئی جب ایک کھلاڑی نے مبینہ طور پر ملازم پر حملہ کرنے کی کوشش کی۔

 

پولیس کا کہنا ہے کہ اسی دوران ہونے والے تنازع میں سمیتھ فرنینڈو بھی متاثر ہوئے اور انہیں تشویش ناک حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا۔ کوچ کئی روز تک زیر علاج رہے تاہم منگل کے روز دوران علاج دم توڑ گئے۔

 

واقعے کی تحقیقات کے سلسلے میں پولیس نے 17 سالہ اسکول کرکٹر کو کوچ پر مبینہ حملے کے شبہے میں حراست میں لے لیا۔ ملزم کو عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں سے اسے 17 اگست تک بچوں کی نگہداشت کے ادارے کی تحویل میں بھیج دیا گیا ہے۔

 

سمیتھ فرنینڈو سری لنکا میں اسکول کرکٹ کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتے تھے۔ وہ پرنس آف ویلز کالج کے سابق کوچ رہے اور اپنے دور میں متعدد باصلاحیت نوجوان کرکٹرز کی تربیت کی۔ ان کے زیر تربیت کھلاڑیوں میں سری لنکا کی ایک روزہ ٹیم کے موجودہ کپتان کوشال مینڈس بھی شامل ہیں۔

 

بعد ازاں فرنینڈو نے بلوم فیلڈ کرکٹ اینڈ ایتھلیٹک کلب میں میدان کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی سنبھالی اور نوجوان کھلاڑیوں کی تربیت و رہنمائی میں اپنا کردار جاری رکھا۔

 

پولیس کی جانب سے واقعے کی مزید تحقیقات کی جارہی ہیں تاکہ جھگڑے کے دوران پیش آنے والے حالات، کوچ کو پہنچنے والے زخموں اور 62 سالہ کوچ کی موت کے تمام محرکات کا تعین کیا جاسکے۔

Similar Posts

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *