45 روز بعد میرپور میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی بحالی شروع
میرپور: آزاد کشمیر کے شہر میرپور اور اس کے گرد و نواح میں 45 روز کی بندش کے بعد موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس کی مرحلہ وار بحالی کا آغاز کر دیا گیا۔
ذرائع کے مطابق وفاقی حکومت کی ہدایت پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے انٹرنیٹ سروس بحال کرنے کا عمل شروع کیا، جس کے بعد مختلف علاقوں میں صارفین کو موبائل اور انٹرنیٹ سہولت دوبارہ دستیاب ہونا شروع ہوگئی ہے۔
اس سے قبل چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول زرداری نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ میرپور آزاد کشمیر میں انٹرنیٹ اور ڈیجیٹل رابطہ جلد بحال کر دیا جائے گا۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ مظفرآباد اور دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی انٹرنیٹ سروس کی بحالی سے متعلق درخواستوں پر جلد مثبت پیش رفت ہوگی۔
واضح رہے کہ میرپور آزاد کشمیر میں گزشتہ 45 روز سے موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس معطل تھی، جس کے باعث شہریوں، طلبہ اور کاروباری طبقے کو شدید مشکلات کا سامنا تھا۔