اسلام آباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبہ منظور،اصفائی کا جدید نظام نافذ کرنے کا فیصلہ
اسلام آباد کے دیہی علاقوں میں صفائی کا نظام بہتر بنانے کے لیے اہم فیصلہ کرلیا گیا ہے۔ سی ڈی اے بورڈ نے زون فور اور زون فائیو کے لیے جامع سالڈ ویسٹ مینجمنٹ منصوبے کی منظوری دے دی، جس کے تحت جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کچرے کی وصولی، منتقلی اور تلفی کا نظام متعارف کرایا جائے گا۔
سی ڈی اے کے مطابق زون فور اور فائیو کی 65 یونین کونسلز کو منظم صفائی کے نیٹ ورک میں شامل کیا جائے گا۔ ان علاقوں میں روزانہ تقریباً 342 ٹن کچرے کی مینجمنٹ کی جائے گی، جبکہ دیہی اسلام آباد میں صفائی کے نظام کے لیے 1,610 اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔
منصوبے کے تحت کچرے کی صفائی اور منتقلی کے لیے 103 مختلف اقسام کی مشینری استعمال کی جائے گی۔ بنی گالا، غوری ٹاؤن، لہتڑار اور دیگر دیہی علاقوں میں باقاعدگی سے کچرا اٹھانے کا نظام نافذ کیا جائے گا۔
سی ڈی اے نے دیہی علاقوں میں گھر گھر سے کچرا جمع کرنے کا جدید نظام متعارف کرانے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ اس اقدام سے شہریوں کو کچرے کی تلفی سے متعلق مشکلات میں کمی آنے کی توقع ہے۔
کچرے کی منتقلی اور تلفی کے پورے عمل کو بہتر بنانے کے لیے روٹ آپٹیمائزیشن اور جی پی ایس ٹریکنگ ٹیکنالوجی استعمال کی جائے گی۔ صفائی کے نظام کی نگرانی مرکزی کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر سے کی جائے گی، جبکہ یونین کونسل کی سطح پر صفائی کی کارکردگی کی روزانہ رپورٹ بھی تیار ہوگی۔
نئے نظام میں ڈیجیٹل حاضری اور فیلڈ ڈپلائمنٹ کا طریقہ کار بھی شامل ہوگا۔ اس کے علاوہ فیشل مانیٹرنگ اور سیف سٹی کے ذریعے صفائی کے عملے اور فیلڈ سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کی جائے گی۔
حکام کے مطابق شہریوں کی شکایات کے بروقت ازالے کے لیے بھی ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔ طویل روٹس اور تنگ سڑکوں والے دیہی علاقوں میں کچرا اٹھانے کے لیے منی ٹپرز اور ہینڈ کارٹس استعمال کیے جائیں گے۔
سی ڈی اے کے مطابق جدید صفائی کا یہ نظام ترکی کی ایک معروف ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی معاونت سے متعارف کرایا جارہا ہے۔ چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف نے کہا ہے کہ اسلام آباد کا کوئی علاقہ صفائی کے معاملے میں نظرانداز نہیں ہوگا۔
منصوبے پر عملدرآمد کی نگرانی ممبر انوائرمنٹ عبداللہ خرم نیازی کریں گے۔ اسلام آباد سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے اس منصوبے سے بالخصوص دیہی علاقوں میں صفائی کے معیار کو بہتر بنانے اور کچرے کے مؤثر انتظام میں مدد ملنے کی توقع ہے۔