الجزائر: مسافر بس کھائی میں گرنے سے 25 افراد ہلاک، 44 زخمی
الجزائر: شمالی افریقی ملک الجزائر میں مسافر بس گہری کھائی میں گرنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک ہوگئے۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کی رپورٹس کے مطابق شمالی افریقی ملک الجزائر میں ایک خوفناک ٹریفک حادثے کے نتیجے میں 25 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ 44 مسافر زخمی ہو گئے۔ حادثے کے بعد امدادی اداروں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کر دیا۔
بین الاقوامی خبر رساں اداروں کے مطابق یہ افسوسناک واقعہ آج صبح صوبہ بومرداس میں پیش آیا، جہاں مسافروں سے بھری ایک بس ہائی وے پر موڑ کاٹتے ہوئے بے قابو ہو گئی اور سڑک سے نیچے گہری کھائی میں جا گری۔
حادثے کے باعث بس کو شدید نقصان پہنچا، جس کے نتیجے میں متعدد مسافر موقع پر ہی دم توڑ گئے، جبکہ بڑی تعداد میں افراد زخمی ہوئے۔
میڈیا رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ امدادی ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر ریسکیو کارروائیاں شروع کیں اور زخمیوں کو طبی امداد کے لیے مختلف اسپتالوں میں منتقل کیا۔
حکام کے مطابق حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے، جبکہ متاثرہ افراد کی مدد اور زخمیوں کو علاج کی تمام ضروری سہولتیں فراہم کی جا رہی ہیں۔